وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کے دورہ چین کی تفصیلات

17 مئی ، 2026

اسلام آباد (صالح ظافر)دورہ چین، وزیر اعظم شہباز شریف بیجنگ سے قبل ہانگ ژو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور چین کے مابین تعاون اس وقت اسٹرٹیجک، سیاسی، معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں قربت کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو جائے گا جب وزیر اعظم شہباز شریف ہفتے کے روز (23 مئی) چین کے تاریخی شہر ہانگژو پہنچیں گے۔ وہ دارالحکومت بیجنگ جانے سے قبل اپنے اس اہم دورۂ چین کا آغاز یہیں سے کریں گے۔ امکان ہے کہ اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی چین میں موجود ہوں گے۔ پاکستان اور چین نے سفارتی ذرائع کے ذریعے وزیر اعظم کے اس دورے کی تمام تر تفصیلات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ یہ دورہ پاکستان اور چین کو مشرق وسطیٰ کے تنازع پر بات چیت کا موقع فراہم کرے گا، جس میں بالخصوص جنگ زدہ ممالک کے مابین مصالحت کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو زیر بحث لایا جائے گا۔ وزیر اعظم اپنے اس سرکاری دورے کے دوسرے اور آخری مرحلے میں بیجنگ پہنچیں گے، جہاں وہ اپنے ہم منصب لی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے۔ مئی کی 25 تاریخ کو بیجنگ کے ’’گریٹ ہال‘‘ میں میزبان صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوں گے۔ اعلیٰ سرکاری ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ اس دورے کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہو رہی ہے کیونکہ یہ ایک ہی ہفتے کے اندر دو بڑی عالمی طاقتوں کے سربراہان، یعنی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے یکے بعد دیگرے دورۂ چین کے فوراً بعد ہو رہا ہے۔