امریکی اور نائیجیرین فورسز نے داعش کے سینئر رہنما کو ہلاک کردیا،ٹرمپ

17 مئی ، 2026

واشنگٹن(اے ایف پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےگزشتہ روز کہا کہ امریکی اور نائجیرین افواج نے داعش کے ایک سینئر رہنما کو ہلاک کر دیا ہے۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر کہا کہ آج رات، میری ہدایت پر، بہادر امریکی افواج اور نائجیریا کی مسلح افواج نے دنیا کے سب سے زیادہ سرگرم دہشت گرد کو میدانِ جنگ سے ختم کرنے کے لیے ایک انتہائی منظم اور انتہائی پیچیدہ مشن کو کامیابی سے انجام دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر داعش کے سیکنڈ ان کمانڈ (نائب امیر) ابو بلال المینوکی کا خیال تھا کہ وہ افریقہ میں چھپ سکتے ہیں، لیکن وہ یہ نہیں جانتے تھے کہ ہمارے پاس ایسے ذرائع موجود ہیں جو ہمیں ان کی تمام تر سرگرمیوں سے باخبر رکھ رہے تھے۔ٹرمپ نے کہا کہ اب وہ افریقہ کے لوگوں کو مزید خوفزدہ نہیں کر سکیں گے، اور نہ ہی امریکیوں کو نشانہ بنانے کے لیے کارروائیوں کی منصوبہ بندی میں مدد کر سکیں گے۔ ان کے خاتمے سے داعش کی عالمی کارروائیاں کافی حد تک کمزور ہو گئی ہیں۔ٹرمپ نے اس آپریشن میں شراکت داری پر نائجیریا کی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ابو بلال المینوکی پر 2023 میں داعشسے روابط کی بنا پر امریکی پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔