ایرانی سپریم لیڈر نے امریکا اور اسرائیل کو تاریخ کا ظالم ترین بادشاہ ’ضحاک‘ قرار دیدیا

17 مئی ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کے نئے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے امریکا اور اسرائیل کو تاریخ کا ظالم ترین بادشاہ ’ضحاک‘ قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں ایرانی قوم کی دلیرانہ مزاحمت نے ثابت کر دیا کہ ملک امریکا اور اسرائیل کے خلاف مزید مضبوط اور متحد ہوچکا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران میں یومِ تحفظِ زبانِ فارسی اور جشنِ عظیم فارسی شاعر ابو القاسم فردوسی کے موقع پر مجبتیٰ خامنہ ای نے خصوصی بیان جاری کیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی عوام نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف جنگ میں مقدس دفاع کے دوران یہ ثابت کیا کہ فردوسی کی شاہکار رزمیہ نظم ’’شاہ نامہ‘‘ صرف داستان نہیں بلکہ ایرانی قوم کی حقیقی زندگی اور بہادری کی عکاسی ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ نظم ’’شاہ نامہ‘‘ میں بیان کیے گئے قرآنی اور بہادرانہ تصورات ایرانی معاشرے کے تمام نسلی اور سماجی طبقات کو اتحاد، آزادی اور قومی شناخت کے تحفظ کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع کرتے ہیں۔ انھوں نے اپنے بیان میں ایرانی اساطیر کے ظالم کردار “ضحاک” کا حوالہ دیتے ہوئے امریکا اور اسرائیل کو “ضحاک جیسے جارحین” قرار دیا۔ ضحاک ایران کی تاریخ کا ظالم و جابر ترین بادشاہ تھا۔ جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے دونوں شانوں پر دو سانپ پیدا ہو گئے تھے۔ ان سانپوں کی غذا انسان کا گوشت تھی چنانچہ ضحاک ہر روز کسی نوجوان کو مار کر اس کا گوشت سانپوں کو پیش کیا کرتا تھا۔ جابر حکمراں ضحاک بعد ازاں فریدون کے ہاتھوں مارا گیا۔ جس کے بعد سے فریدون بہادری اور جرات کا استعارہ بن گیا۔