کراچی(عبدالماجد بھٹی)وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والی میٹنگ میں شرکت کا فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی تاہم موجودہ حالات میں اس بات کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کہ محسن نقوی بھارت جائیں۔انہیں 31مئی کونریندر مودی کے شہر میں ہونے والے آئی پی ایل فائنل میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے فائنل کے موقع پر احمد آباد ہی میں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کا اجلاس ہوگا۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کو آئی پی ایل فائنل دیکھنے کا دعوت نامہ موصول ہوا اور محسن نقوی دعوت نامہ وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوا رہے ہیں۔ بھارت جانے یا نہ جانے کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس رواں ماہ میں دو مرحلوں میں ہوں گے، آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس 21 مئی کو ہوگا جبکہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ 30 اور 31 مئی کو بھارت کے شہر احمد آباد میں ہوگی جس میں ہر ملک کے بورڈ کے سربراہ شرکت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ آئی سی سی بورڈ میٹنگ آئی پی ایل فائنل کے موقع پر کی جا رہی ہے اور بورڈ میٹنگ میں پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے شرکت کرنی ہے۔غیر ملکی کہ موجودہ صورتحال کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی احمد آباد میں ہونے والے اجلاس میں شرکت غیر متوقع ہے۔اجلاس میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فارمیٹ میں ممکنہ تبدیلیوں پر غور کیا جائے گا، جہاں موجودہ نظام کے تحت ہر سیریز میں کم از کم دو ٹیسٹ میچز کھیلنا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان کو بھی اس چیمپئن شپ میں شامل کرنے کی تجویز زیرِ غور آئے گی۔واضع رہے کہ ستمبر میں بھارت نے ایشیا کپ جیتا تھا اور بھارتی ٹیم نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد آج تک ٹرافی بھارت کو نہ مل سکی۔ایشیا کپ کے دوران سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کرکٹ تعلقات کشیدہ ہیں۔