صدر ٹرمپ کے دورۂ بیجنگ کے بعد پیوٹن کا چین جانے کا اعلان

17 مئی ، 2026

ماسکو(جنگ نیوز)صدر ٹرمپ کے دورۂ بیجنگ کے بعد پیوٹن کا چین جانے کا اعلان، روسی صدر 19اور 20 مئی کو چین جاکرچینی صدر سےاسٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر بات کرینگے۔ وزیر اعظم لی چیانگ سے بھی معاشی تعاون زیر غور آئیگا، دورہ امریکا، چین سفارتی سرگرمیوں کےعین بعد ہو رہا ہے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن 19 سے 20 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں ماسکو اور بیجنگ کے درمیان اسٹریٹجک تعاون اور جامع شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر بات کریں گے۔ کریملن کے مطابق پیوٹن چینی وزیراعظم لی چیانگ سے بھی اقتصادی اور تجارتی تعاون پر گفتگو کریں گے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایک روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنا دورۂ چین مکمل کرکے واپس گئے ہیں، تاہم امریکا اور چین کے درمیان ایران جنگ، تائیوان اور روس یوکرین تنازع سمیت اہم معاملات پر نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ روس اور چین گزشتہ برسوں میں ایک دوسرے کے مزید قریب آئے ہیں اور مغربی پابندیوں کے بعد بیجنگ ماسکو کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن چکا ہے۔