سگریٹ پر 60فیصد ٹیکس چور لے جاتے ہیں،خواجہ آصف

19 مئی ، 2026

سیالکوٹ( نمائندہ جنگ ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سگریٹ پر 60فیصد ٹیکس چور لے جاتے ہیں، یہ چور برسر اقتدار بھی رہے ہیں، ابھی بھی وہ بڑے بڑے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے ہیں، کریک ڈاؤن مسلسل ہونا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ٹیکس چوری کے یہ معاملے جب سامنے آتے ہیں تو انکوائری کے پلیٹ فارم کے بھی خود ہیڈ ہوتے یہ سلسلہ ملی بھگت سے چل رہا ہے جس میں سرکردہ سیاست دان پیش پیش ہیں۔انہوں نےکہا کہ پہاڑیوں کے اس طرف ان کی زیادہ تر فیکٹریاں تھیں،وہاں چھاپے پڑے، اب وہ سارے پاکستان میں disburse ہوگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ میرے ضلع کی ڈسکہ تحصیل میں بھی یہ پہنچے ہوئے ہیں، وہاں ایک مرغی خانہ ہے اس میں انہوں نے مشینیں لگا لی ہیں، جن لوگوں کی زمینوں پر یہ لگاتے ہیں، ان کو چوری کے منافع میں سے 30 چالیس فیصد دیتے ہیں، کریک ڈاؤن مسلسل ہونا چاہئے،ٹیکس چوری کرنا لوگوں کو باعزت نہیں بناتا ہے یہ چور ہیں یہ لوگ پاکستان کی جیب کاٹ رہے ہیں ،قوم کی جیب کاٹ رہے ہیں گذشتہ سال ایف بی آر اور حکومت کی وجہ سے کچھ فرق پڑا ہے 35 سے 40 ارب روپے زیادہ اکھٹا کیا گیا ہے۔