الفابیٹ کاAIانفراسٹرکچرکیلئے 80ارب ڈالر کے حصص فروخت کرنیکا اعلان

03 جون ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک) الفابیٹ کاAI انفراسٹرکچرکیلئے 80 ارب ڈالر کے حصص فروخت کرنیکا اعلان ، گوگل کی مالک کمپنی کا اے آئی میں تاریخی سرمایہ کاری کا فیصلہ، سب سے بڑی شیئر فروخت کی تیاری جاری ہے۔برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق گوگل کی مالک کمپنی الفابیٹ نے مصنوعی ذہانت کے انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کے لیے 80 ارب ڈالر مالیت کے نئے حصص فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے ماہرین تاریخ کی سب سے بڑی ایکویٹی فنڈ ریزنگ قرار دے رہے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سرمایہ جدید ڈیٹا سینٹرز، اے آئی کمپیوٹنگ صلاحیتوں اور عالمی انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا تاکہ بڑھتی ہوئی طلب پوری کی جا سکے۔ منصوبے کے تحت سرمایہ کار ادارہ برکشائر ہیتھاوے 10 ارب ڈالر کے حصص خریدے گا، جبکہ باقی رقم مختلف مراحل میں جمع کی جائے گی۔ اعلان کے بعد الفابیٹ کے حصص میں چار فیصد سے زائد کمی دیکھی گئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ اب انتہائی مہنگے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے ذریعے برتری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ الفابیٹ کے علاوہ اینتھروپک، اوپن اے آئی اور ایلون مسک کی کمپنی ایکس اے آئی بھی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیزی سے اپنی موجودگی بڑھا رہی ہیں۔