چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے، گورنر

03 جون ، 2026

کوئٹہ (خ ن) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں جدید ٹیکنالوجی، گلوبلائزیشن اور سیاسی و معاشی تبدیلیاں نئے مواقع اور چیلنجز لے کر آ رہی ہیں، جن سے نمٹنے کیلئے جامع قومی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔گورنر ہاؤس کوئٹہ میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی پبلک سیکٹر جامعات میں موجود فکری و علمی صلاحیتوں کو پالیسی سازی اور منصوبہ بندی میں شامل کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں میں موجود سائنسدان، ماہرین معاشیات، پی ایچ ڈی اسکالرز اور محققین اپنی تحقیق اور تجربے کی بدولت ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ماہرین کی رہنمائی سے وقت، توانائی اور وسائل کے ضیاع سے بچا جا سکتا ہے جبکہ علمی و تحقیقی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھا کر ایک ترقی یافتہ اور تعلیم یافتہ بلوچستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اتحاد، دانش اور عملی اقدامات ہی صوبے کی ترقی کی ضمانت ہیں۔