وفاقی حکومت کابجٹ میں صنعتی فروغ کےمنصوبوں کیلئے فنڈزمختص کرنےکافیصلہ

03 جون ، 2026

اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) وفاقی حکومت نےآئندہ مالی سال کےبجٹ میں صنعتی فروغ کےمنصوبوں کے لیےفنڈزمختص کرنےکافیصلہ کیا ہے،بجٹ میں پاکستان اسٹیل ملزکی زمین پرخصوصی اقتصادی زون کےقیام کےمنصوبے کے لیے ایک ارب باون کروڑ روپے اور جیم سٹون سیکٹر کی بحالی کے نئے منصوبے کے لیے 70 کروڑ روپے جبکہ ایک ہزار انڈسٹریل اسٹچنگ یونٹس کے منصوبے کے لیے تیس کروڑ روپے رکھنےکی تجویز ہے۔دستاویزکےمطابق کراچی میں پاکستان اسٹیل ملزکی لگ بھگ 6ہزار400 ایکڑزمین وفاقی خصوصی اقتصادی زون کے لیے مختص ہوگی،اسٹیل ملزاورکراچی انڈسٹریل پارک کووفاقی خصوصی اقتصادی زون کےطورپرایک ساتھ تیارکیاجائےگا،اس کو کراچی انڈسٹریل پارک (وفاقی خصوصی اقتصادی زون)کا نام دیا گیا ہے-دستاویز کے مطابق پہلےمرحلے میں کراچی انڈسٹریل پارک کے1500ایکڑ کے500ایکڑ پربلاک اےتیار کیا جائے گا،1500ایکڑپرپھیلا کراچی انڈسٹریل پارک پاکستان اسٹیل ملزکی اراضی پر تیارکیاجارہا ہے-کراچی انڈسٹریل پارک سی پیک کے تحت ملک میں تیارکیےجانے والے9خصوصی اقتصادی زونز میں سے ایک ہے-دستاویز کےمطابق پاکستان اسٹیل ملزکی زمین پرکراچی انڈسٹریل پارک یعنی وفاقی خصوصی اقتصادی زون کےمنصوبےکی مجموعی لاگت7ارب 40کروڑ40لاکھ روپے ہے اورجون 2026 تک اس منصوبے پر ایک ارب 70 کروڑ روپےکےاخراجات کا تخمینہ ہے-دستاویز کےمطابق آئندہ مالی سال کےبجٹ میں جیم سٹون کی بحالی کے نئےمنصوبے کے لیے70کروڑ روپے مختص کرنےکی تجویزہے۔