عوام کی محفوظ، معیاری اورجدیدسفری سہولتوں کیلئے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں، وزیراعلیٰ مریم نواز

08 جولائی ، 2026

لاہور ( نیوز ڈیسک،ایجنسیاں ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پنجاب کی تمام شاہراہوں پر معیاری لین مارکنگ، انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کی بیوٹیفکیشن اور تمام زیر تعمیر سڑکوں کی تکمیل مقررہ ٹائم لائن کے مطابق ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نئے مالی سال میں شامل تمام ترقیاتی منصوبوں پر بھی بروقت عملدرآمد کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور جدید سفری سہولتیں میسر آ سکیں۔وزیر اعلیٰ مریم کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں بتایا گیا کہ صوبے میں صرف 75 دنوں کے دوران 30 ارب روپے کی لاگت سے 1129 سڑکوں پر مشتمل 1795 کلومیٹر طویل روڈ نیٹ ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال اپریل سے جولائی تک مجموعی طور پر 6000 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل کیا گیا، جبکہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں پنجاب بھر میں تقریباً 32 ہزار سڑکیں مکمل کی جا چکی ہیں۔اجلاس میں روڈ سیکٹر پورٹ فولیو، ترقیاتی فنڈز کے استعمال اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ انیشی ایٹو، لوکل روڈز پروگرام اور تکمیل کے قریب منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 125 ارب روپے مختص کیے گئے، جبکہ ترقیاتی فنڈز کا 99 فیصد ریکارڈ استعمال یقینی بنایا گیا۔ لوکل روڈز پروگرام کے تحت 79 ارب روپے کی لاگت سے 1567 اسکیموں اور 3400 کلومیٹر طویل سڑکوں پر کام جاری ہے، جن میں سے صرف 75 دنوں میں 1129 اسکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیلڈ اسٹاف نے تین شفٹوں میں دن رات کام کرکے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا، جبکہ روڈ ریسٹوریشن پروگرام میں مؤثر مالی نظم و نسق کے باعث 11 ارب روپے کی تاریخی بچت بھی کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 93 ۔ 5 کلومیٹر طویل ملتان۔وہاڑی ڈوئل روڈ، 24کلومیٹر فیصل آباد۔چنیوٹ ڈوئل روڈ اور 13 کلومیٹر طویل ٹورازم ہائی وے ڈوئل روڈ مکمل کر لیے گئے ہیں۔