عرب امارات میں انسانی اسمگلنگ کے مقدمات کیلئے خصوصی عدالت قائم

08 جولائی ، 2026

ابوظبی(سبط عارف)متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیراعظم اور چیئرمین صدارتی عدالت شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے انسانی اسمگلنگ کے جرائم کے لئے خصوصی عدالت قائم کرنے کا فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ یہ اقدام ابوظبی جوڈیشل ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے کیا گیا۔حکومتِ ابوظبی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ، خصوصی عدالت ابوظبی میں انسانی اسمگلنگ سے متعلق تمام مقدمات کی سماعت کرے گی۔زیرِ سماعت مقدمات بھی نئی عدالت کو منتقل کر دیئے جائیں گے، تاہم وہ مقدمات مستثنیٰ ہوں گے جو فیصلے کے حتمی مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔حکام کے مطابق نئی عدالت میں تفتیش، استغاثہ، ابتدائی سماعت اور اپیل سمیت تمام قانونی مراحل ایک ہی خصوصی نظام کے تحت مکمل کئے جائیں گے۔