دبئی سات درجے تنزلی کے بعد دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں 14ویں نمبر پر پہنچ گیا

08 جولائی ، 2026

کراچی (رفیق مانگٹ) دبئی سات درجے تنزلی کے بعد دنیا کے مہنگے ترین شہروں میں 14ویں نمبر پر پہنچ گیا، دیگر شہروں میں مہنگائی اور کرنسی کی مضبوطی نے دبئی کی درجہ بندی متاثر کی، مقامی قیمتیں برقرار رہیں، سنگاپور مسلسل چوتھے سال دنیا کا مہنگا ترین شہر، زیورخ دوسرے اور موناکو تیسرے نمبر پر، یورپی کرنسیوں کی مضبوطی فیصلہ کن ثابت، ہانگ کانگ چوتھے اور لندن پانچویں نمبر پر، برطانوی پاؤنڈ کی کمزوری اثرانداز، سڈنی چھ درجے بہتری کے ساتھ آٹھویں نمبر پر، عالمی سطح پر لگژری اخراجات میں 10.2 فیصد اضافہ، زیورات 16.4 فیصد اور گھڑیاں 15.5 فیصد مہنگی، اطلاعات کے مطابق دبئی عالمی سطح پر امیر ترین افراد کے لیے مہنگے ترین شہروں کی فہرست میں سات درجے تنزلی کے بعد 14ویں نمبر پر آ گیا ہے، یہ انکشاف گلوبل ویلتھ اینڈ لائف اسٹائل رپورٹ میں کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق یہ کمی دبئی میں قیمتوں میں کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ دیگر شہروں میں تیزی سے مہنگائی اور کرنسی کی مضبوطی کے باعث ہوئی ہے۔ اور کرنسی کی مضبوطی ہے۔ کئی بڑے شہروں کی کرنسیاں، جیسے سوئس فرانک اور یورو، امریکی ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ہوئیں، جس کے باعث وہ شہر فہرست میں اوپر چلے گئے۔ دوسری جانب دبئی کا درہم امریکی ڈالر کے ساتھ منسلک ہے، اور ڈالر کی کمزوری نے دبئی کو ڈالر کی بنیاد پر بننے والی درجہ بندی میں نسبتاً سستا ظاہر کیا- رپورٹ کے مطابق سنگاپور مسلسل چوتھے سال دنیا کا مہنگا ترین شہر برقرار رہا اور بدستور پہلے نمبر پر ہے، جس کی بڑی وجہ سنگاپور ڈالر کی مضبوطی اور جائیداد و گاڑیوں کی بلند قیمتیں ہیں۔ زیورخ تین درجے بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گیا، جبکہ موناکو پہلی بار ٹاپ تھری میں شامل ہو کر تیسرے نمبر پر آ گیا۔