ورلڈکپ:ارجنٹائن نے مصر سے فتح چھین لی،کوارٹر فائنل میں داخل

08 جولائی ، 2026

کراچی (نمائندہ جنگ) بیلجیئم کے ہاتھوں بدترین ناکامی کے نتیجے میں میکسیکو اور کینیڈا کےبعد تیسرا میزبان امریکا بھی ایونٹ سے باہر ہوگیا۔ لیکن دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے جادوئی کھیل کی بدولت شکست کے منہ سے فتح چھین کر ورلڈ کپ میں بقا کی جنگ جیت لی۔ منگل کی شب اٹلانٹا میں میسی کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے میں مصر کو2-3 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ مصر نے یاسر ابراہیم اور زیکو کے گولز کی بدولت2-0 کی برتری حاصل کر کے ارجنٹائن کو پریشان کر دیا۔21ویں منٹ میں لیونل میسی پنالٹی کک ضائع کی۔ جب ارجنٹائن کی شکست یقینی نظر آ رہی تھی، تب لیونل میسی نے ایک بار پھر اپنی کلاس ثابت کی۔79ویں منٹ میں میسی کے پاس پر رومیرو نے ہیڈر کے ذریعے پہلا گول کیا۔ ٹھیک4منٹ بعد میسی نے شاندار گول کر کے مقابلہ2-2سے برابر کر دیا۔ یہ میسی کا ٹورنامنٹ میں آٹھواں گول ہے۔ میچ کے آخری لمحات میں انزو فرنینڈس نے ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول داغ کر ارجنٹائن کی فتح مکمل کر دی۔ اس سے قبل کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں ٹرمپ کا ٹرمپ کارڈ اور فیفا کا فیصلہ بھی امریکا کو میچ نہ جتو اسکا، بیلجیئم نے امریکا کو بدترین4-1سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کوارٹر فائنل مرحلہ جمعے کو مراکش اور فرانس کے میچ سے شروع ہوگا۔