عوام محفوظ ، معیاری اور جدید سفری سہولتوں کے لئے ترقیاتی منصوبے پر وقت مکمل کئے جائیں ، وزیراعلیٰ مریم نواز

08 جولائی ، 2026

لاہور ( نیوز ڈیسک،ایجنسیاں ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پنجاب کی تمام شاہراہوں پر معیاری لین مارکنگ، انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کی بیوٹیفکیشن اور تمام زیر تعمیر سڑکوں کی تکمیل مقررہ ٹائم لائن کے مطابق ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ نئے مالی سال میں شامل تمام ترقیاتی منصوبوں پر بھی بروقت عملدرآمد کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور جدید سفری سہولتیں میسر آ سکیں۔وزیر اعلیٰ مریم کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں بتایا گیا کہ صوبے میں صرف 75 دنوں کے دوران 30 ارب روپے کی لاگت سے 1129 سڑکوں پر مشتمل 1795 کلومیٹر طویل روڈ نیٹ ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ فیلڈ اسٹاف نے تین شفٹوں میں دن رات کام کرکے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا، جبکہ روڈ ریسٹوریشن پروگرام میں مؤثر مالی نظم و نسق کے باعث 11 ارب روپے کی تاریخی بچت بھی کی گئی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نوازسے ارکان صوبائی اسمبلی میاں شاہد حسین خان اور محمد عون جہانگیر نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل کے حل، امن و امان کی صورتحال، صوبائی ترقیاتی منصوبوں، حلقہ جاتی امور اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے نشانِ حیدر پانے والے حوالدار لالک جان شہید کے یومِ شہادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حوالدار لالک جان شہید نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے بہادری، استقامت اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کوئٹہ کے علاقے مانگی فیز تھری میں دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کوئٹہ میں دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والےاہلکاروں کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی ا ور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔