برآمدات اضافہ ؛چھوٹے /درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی کی ہدایت

08 جولائی ، 2026

اسلام آباد( رانا غلام قادر )وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں (SMEs) کو قرضوں کی فراہمی میں سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیر اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز سمیڈا (SMEDA) پر منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دی ۔انہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی استعداد کار بڑھانے بالخصوص کسانوں کی اجناس و پھلوں کی پراسیسنگ کیلئے انہیں آگاہی اور قرضے فراہم کرنے کے حوالے سے سہولت دی جائے۔کمرشل بینکوں کی چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی کے حوالے سے خصوصی پراڈکٹس کی تیاری کی حوصلہ افزائی کی جائے۔چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو فیزیبیلٹی کی تیاری اور دیگر مراحل میں مدد فراہم کی جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں۔