ریکوڈک معدنیات کی ترسیل،278.6ارب سے ریلوے ٹریک اپ گریڈ کرنیکا منصوبہ

08 جولائی ، 2026

اسلام آباد (مہتاب حیدر) حکومت نے ریکوڈک سے معدنیات کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان ریلوے کی مین لائن-3(ایم ایل-3) کے روہڑی، سبی، کوئٹہ تا کوہِ تفتان سیکشن کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس پر 278 ارب 61 کروڑ 85 لاکھ 91 ہزار روپے لاگت آئے گی۔ 996 کلومیٹر طویل اس منصوبے کی تکمیل 2033 تک متوقع ہے۔سرکاری دستاویزات اور منصوبے کے پی سی-1 کے مطابق منصوبے کی مالی معاونت ریکوڈک منرل کمپنی (RDMC) کی جانب سے برج فنانسنگ اور حکومت پاکستان کی جانب سے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے ذریعے کی جائے گی۔ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ RDMC کی جانب سے فراہم کی جانے والی 390 ملین ڈالر کی برج فنانسنگ حکومت پاکستان جون 2028 تک یک مشت (Bullet Payment) واپس کرے گی، جس کے لیے وزارتِ خزانہ کو مطلوبہ مالی وسائل کا انتظام کرنا ہوگا۔منصوبہ دو مرحلوں اور چار پیکیجز میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 243 کلومیٹر روہڑی تا سبی سیکشن اور 522 کلومیٹر اسپیزند تا عالم ریگ سیکشن کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں 141 کلومیٹر سبی تا کوئٹہ اور 90 کلومیٹر عالم ریگ تا تفتان سیکشن کو بہتر بنایا جائے گا۔پی سی-1 کے مطابق ریکوڈک کی معدنیات کی ترسیل کے لیے ایم ایل-3 کی اپ گریڈیشن ہی واحد پائیدار حل ہے، کیونکہ حکومت پاکستان پہلے ہی ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے بیرک گولڈ/ریکوڈک منرل کمپنی کے ساتھ معاہدہ کر چکی ہے۔