ورلڈکپ:ارجنٹائن نے مصر سے فتح چھین لی،کوارٹر فائنل میں داخل

08 جولائی ، 2026

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بیلجیئم کے ہاتھوں بدترین ناکامی کے نتیجے میں میکسیکو اور کینیڈا کےبعد تیسرا میزبان امریکا بھی ایونٹ سے باہر ہوگیا۔ لیکن دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے جادوئی کھیل کی بدولت شکست کے منہ سے فتح چھین کر ورلڈ کپ میں بقا کی جنگ جیت لی۔ منگل کی شب اٹلانٹا میں میسی کی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے میں مصر کو 2 -3 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ مصر نے یاسر ابراہیم اور زیکو کے گولز کی بدولت 2-0 کی برتری حاصل کر کے ارجنٹائن کو پریشان کر دیا۔ 21 ویں منٹ میں لیونل میسی پنالٹی کک ضائع کی۔ جب ارجنٹائن کی شکست یقینی نظر آ رہی تھی، تب لیونل میسی نے ایک بار پھر اپنی کلاس ثابت کی۔ 79 ویں منٹ میں میسی کے پاس پر رومیرو نے ہیڈر کے ذریعے پہلا گول کیا۔ ٹھیک 4 منٹ بعد میسی نے شاندار گول کر کے مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا۔ یہ میسی کا ٹورنامنٹ میں آٹھواں گول ہے ۔ میچ کے آخری لمحات میں انزو فرنینڈس نے ہیڈر کے ذریعے فیصلہ کن گول داغ کر ارجنٹائن کی فتح مکمل کر دی۔ اس سے قبل کھیلے گئے پری کوارٹر فائنل میں ٹرمپ کا ٹرمپ کارڈ اور فیفا کا فیصلہ بھی امریکا کو میچ نہ جتو اسکا، بیلجیئم نے امریکا کو بدترین4-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کوارٹر فائنل مرحلہ جمعے کو مراکش اور فرانس کے میچ سے شروع ہوگا۔