امریکی دھمکیاں جاری رہیں تو مذاکرات نہیں ہونگے ، ایران

08 جولائی ، 2026

تہران (اے ایف پی /نیوزڈیسک )سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای شہیدکی آخری رسومات کے چوتھے روزانہیں الوداع کہنے کیلئے ایران کے مقدس شہر قم میں لاکھوں سوگواروں کا ہجوم امڈ آیااورسڑکیں کھچاکھچ بھرگئیں‘ ادھر آبنائے ہرمز میں چند گھنٹوں کے دوران عمانی ساحل کے قریب قطر کے ایک ایل این جی بردار جہاز سمیت تین آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا ہے‘قطر نےایران کو حملے کا ذمہ دارقراردیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے جبکہ اٹلی نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے اسرائیل اور لبنان کی حکومت کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کی میزبانی کرے گا۔ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی بھی اقدام اٹھایا گیا تو اس کا نتیجہ ناکامی ہوگاجبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ اگر دھمکیوں کا سلسلہ جاری رہا تو حتمی معاہدے سے متعلق مذاکرات شروع نہیں ہوں گے‘اپنے دستخط کا پاس رکھیں‘ایران کے عوام اور مسلح افواج دھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی بحری سکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ رات گئے ایک نامعلوم گولے نے ایک ٹینکر کو نشانہ بنایا جس سے وہاں آگ لگ گئی، جس کے بعد مزید دو جہازوں پر حملے کیے گئے جن میں سے کم از کم ایک حملہ ڈرون کے ذریعے کیا گیا۔یہ تینوں جہاز عمان کے قریب نشانہ بنائے گئے۔ عمان نے اپنی ساحلی پٹی کے ساتھ ایک عارضی گزرگاہ بنانے کی تجویز دی تھی جس کی ایران مخالفت کر رہا ہے۔قطر نے اپنے ٹینکر پر حملے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا ہے اور تہران پر زور دیا ہے کہ وہ ایسی تمام کارروائیوں کو روکے جو علاقائی سلامتی کو نقصان پہنچاتی ہیں یا بین الاقوامی بحری جہاز رانی کے تحفظ کو خطرے میں ڈالتی ہیں۔دوسری جانب ایرانی پارلیمان کی قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن علاء الدین بروجردی نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایران کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی بھی قدم اٹھایا گیا تو اس کا نتیجہ ناکامی ہے۔اس حوالے سے فیصلہ اعلیٰ ترین سطح پر کیا گیا ہے اور اسے یقیناً نافذ کیا جائے گا۔ہرمز کے انتظام سے متعلق قانون پارلیمان سے بھی منظور کرایا جائے گا۔بروجردی کے بقول ایران خطے میں ہونے والی پیش رفت پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور ہرمز سے متعلق ہر اقدام کو اپنے قومی مفادات اور قومی سلامتی کے دائرے میں آگے بڑھاتا ہے۔ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیاکہ قطرکے آئل ٹینکر الرقایات نے امریکی بحریہ کی مدد سے آبنائے ہرمز میں عمانی راستے سے گزرنے کی کوشش کی لیکن بار بار کی تنبیہ کو نظر انداز کرنے کے بعد اسے نشانہ بنایا گیا۔