چکوال،غیر قانونی سگریٹ تیار کرنیوالی خفیہ فیکٹری سیل ، 21کروڑ کا سامان ضبط

12 اگست ، 2026

اسلام آباد(کامرس رپورٹر )ایف بی آر نے چکوال میں غیر قانونی سگریٹ تیار کرنیوالی خفیہ فیکٹری سیل کر دی ،21کروڑر وپے مالیت سے زائدکاسا مان ضبط کرکے خام تمباکو، سگریٹ سازی کا سامان، ٹیکس سٹیمپ بغیر تیار سگریٹ اور مشینری قبضے میں لے لی، 9کروڑر وپے کی ٹیکس چوری رک جائے گی، ایف بی آر ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن اسلام آباد کی ٹیموں نے ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک کے تعاون سے مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کلر کہار روڈ، چکوال پر دھارابی کے قریب واقع ہنٹر ٹوبیکو ایس ایم سی پرائیویٹ لمیٹڈ کے احاطے پر چھاپہ مارا۔تلاشی کے دوران انفورسمنٹ ٹیموں کو معلوم ہوا کہ مذکورہ فیکٹری میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے تحت لازمی ٹیکس سٹیمپ کے بغیر خفیہ طور پر غیر قانونی سگریٹ تیار کئے جا رہے تھے ۔کارروائی کے نتیجے میں 12,600 کلوگرام خام تمباکو قبضے میں لیا گیا جو 630,000 پیکٹ سگریٹ تیار کرنے کے لیے کافی تھا۔ اس کے علاوہ فلٹر راڈز، سگریٹ پیپر، ایلومینیم فوائل، پیکیجنگ میٹریل اور سگریٹ سازی میں استعمال ہونے والا دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔