موجودہ دور میں تعلیم کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی، ڈاکٹر مالک

02 ستمبر ، 2026

تربت (نامہ نگار)عطا شاد ڈگری کالج تربت میں نئے داخل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں پروفیسر غلام رسول خالد آڈیٹوریم میں پروقار استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے معروف بلوچی شاعر عطا شاد کے اشعار سے اپنی گفتگو کا آغاز کیا اور عطا شاد کی ادبی شخصیت و خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ عطا شاد کا نام بلوچستان کی علمی، ادبی اور ثقافتی تاریخ میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور ان کے نام سے منسوب تعلیمی ادارہ نوجوان نسل کی علمی و فکری تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، اس لیے نوجوان اپنی تعلیم کو محض ڈگری کے حصول تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے شخصیت، فکر اور معاشرے کی تعمیر کا ذریعہ بنائیں۔