وفاق سے ریلیف نہ ملا تو KP کے حقوق کیلئے عدالت جائینگے، سہیل آفریدی

02 ستمبر ، 2026

پشاور (نیوز ایجنسیاں)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق سے ریلیف نہ ملا تو خیبرپختونخوا کے حقوق کیلئے عدالت جائینگے، خیبرپختونخواکی ہائیڈل بجلی، تیل، گیس اور ایل پی جی سمیت قدرتی وسائل پورے پاکستان کی توانائی ضروریات میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم اپنے وسائل پیدا کرنے کے باوجود صوبے کے عوام کو انکا جائز حق نہ ملنا مزید قابل قبول نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ توانائی و برقیات کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ توانائی و برقیات کے جاری ترقیاتی منصوبوں، توانائی کی پیداوار، صوبائی ٹرانسمیشن و گرڈ نظام، قدرتی وسائل اور وفاق کے ذمے واجبات سمیت دیگر اہم امور پر وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کی توانائی ضروریات میں اتنا بڑا حصہ ڈال رہا ہے، لیکن دوسری طرف اے جی این کازی فارمولے کے تحت وفاق کے ذمے این ایچ پی کے بقایاجات2300ارب روپے سے تجاوز کر چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ این ایچ پی کی ادائیگی میں تاخیر اور غیر متناسب ادائیگیوں سے خیبرپختونخوا کی مالی صورتحال متاثر ہو رہی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ این ایچ پی کی 5 فیصد سالانہ انڈیکسیشن، بقایاجات، لیٹ پیمنٹ سرچارج اور براہ راست ادائیگی کے طریقہ کار کیلئے خیبرپختونخوا نے مشترکہ مفادات کونسل سے رجوع کیا ہے۔