پنجاب میں جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کیلئے جدید علاج متعارف کرائیں گے،وزیراعلیٰ مریم نواز

02 ستمبر ، 2026

لاہور ( جنرل رپورٹر )وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں جلد چینی طرز پر کینسر اور دیگر امراض کی تشخیص کیلئے جدید علاج متعارف کرائینگے۔ دورہ چین کا مقصد پنجاب کو اے آئی دنیا کا ہب بنانا ہے۔ڈیرہ غازی خان میں الیکٹروبسوں سے عوام کو سفر کرتا دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نے کہا کہ ڈی جی خان سمیت دیگر شہروں میں روڈز، ڈرینج،واٹرسپلائی اور بیوٹیفکیشن کے پراجیکٹس شروع ہیں۔وزیر اعلیٰ کا روڈ زسائیڈ پر ری سائیکلڈ پلاسٹک سے بنے ڈرین کَور لگانے کا حکم، ہر شہر کے داخلی راستوں کے اطراف سرسبز گراسی پلاٹ پر شہر کا نام آویزاں کرنے کی ہدایت۔وزیر اعلیٰ مریم سے گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں احمد خان لغاری، علی احمد لغاری، اسامہ عبدالکریم، حنیف پتافی، اسامہ لغاری، صلاح الدین خان شامل تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، امن وامان اور درپیش عوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ارکان صوبائی اسمبلی کو حلقے میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم کو کامیاب دورہ چین پر مبارکبادپیش کی اور ڈی جی خان الیکٹروبس سروس شروع کرانے پر وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ڈی جی خان میں الیکٹروبس سروس گیم چینجر منصوبہ ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے عوام الیکٹروبس سروس کے اجراء پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ممنون ہیں۔وزیراعلیٰ مریم کی موثر پالیسی کے تحت ڈی جی خان میں جرائم کی شرح میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔ کچہ میں پہلی بار امن وامان کی صورتحال میں بہتری پنجاب میں گڈگورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے روڈ زسائیڈ پر ری سائیکلڈ پلاسٹک سے بنے ڈرین کور لگانے کا حکم دیا اور ہر شہر کے داخلی راستوں کے اطراف سرسبز گراسی پلاٹ پر شہر کا نام آویزاں کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اون سورس پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سڑکوں کے اطراف اور سڑکوں کے درمیان کنکریٹ کے گملے رکھنے کی پابندی پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرگودھا ڈویژن میں اون سورس ریونیو سے 20 پراجیکٹس مکمل کیے جائیں گے۔ ضلع سرگودھا میں 8، ضلع خوشاب میں 6 اور ضلع بھکر میں بھی 6 پراجیکٹ مکمل ہوں گے۔اون سورس ریونیو میں سرگودھا شہر میں 5مرکزی روڈز کی تعمیرو توسیع اور بحالی کا پراجیکٹ بھی شامل ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیری روڈ، آزاد روڈ، اردو بازارروڈ، پائلٹ چوک، خیام چوک اوور ہیڈ برج روڈکی تعمیر وتوسیع کی جائیگی۔ خوشاب میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے 6 منصوبے اون سورس ریونیو سے مکمل ہوں گے۔ جہاز چوک، ڈی پی ایس سکول، سہگل چوک، میانوالی روڈ، مین بازار قائد آباد اور نور پور تھل روڈشامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھکر میں بھی 6پراجیکٹ اون سورس ریونیو سے مکمل کرنے کی منظوری دے دی۔ جی پی او چوک روڈ،ٹی ڈی اے روڈ، کلور کوٹ روڈ،منکیرہ سٹی روڈ اور دیگر روڈ شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بھکرکے داخلی راستوں پر سرسبز و شاداب پلاٹ پر شہر کا نام آویزاں کرنے کی ہدایت کی اور بھکر سمیت دیگر شہروں کے پرہجوم روڈ پر الیکٹرونک سگنل نصب کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راجن پور میں 6 اون سورس ریونیو پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ کتب کنال تا انڈس ہائی وے، پوسٹ آفس روڈ، آکل پور، فتح پور روڈاون سورس میں شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے روجھان، کوٹ مٹھن، جام پور، داجل سمیت دیگر دیہی علاقوں میں سیوریج اور ڈرینج کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گھروں کے باہر غیر قانونی اور رکاوٹ بننے والے ریمپ ہٹانے کا حکم دیا اور دیہات میں سیوریج اور ڈرینج منصوبے ترجیحاً مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راجن پور شہر اور متعلقہ تحصیلوں کے لئے مزید ڈویلپمنٹ پراجیکٹ بھی طلب کر لیے۔