بلوچستان میں فورسز کی کارروائیاں، 21 دہشتگرد ہلاک، 6 اہلکار شہید

02 ستمبر ، 2026

اسلام آباد ( طاہر خلیل ، نیوز رپورٹر )سکیورٹی فورسزکی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اورفتنہ الخوارج کیخلاف کارروائیوں میں 21 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اورکسٹمز کے ایک سرکاری اہلکارسمیت 6 بہادرسپوت شہید ہوئے، چاغی کے علاقے نوکچہ اور پشین زیارت کراس میں کارروائیاں کی گئیں ، دہشتگردوں کی کوئٹہ تفتان شاہراہ پر چیک پوسٹ قائم کرنیکی کوشش ناکام بنا دی گئی ، ادھر وزیراعظم شہباز شریف،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اوروزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیو ں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اوریکم ستمبرکی درمیانی شب چاغی کے علاقے نوکچہ اور ضلع پشین زیارت کراس میں کارروائیاں کی گئیں، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر مسافروں کی آمدورفت میں خلل ڈالنے اورغیرقانونی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی جس پر سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی۔کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ،گولہ بارود اوردھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 31 اگست اوریکم ستمبرکی درمیانی شب کسٹمز ہاؤس پر فتنہ الخوارج کاحملہ بھی ناکام بنتے ہوئے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، فراردہشتگردوں کوبھی سکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید دہشتگرد ہلاک و زخمی ہوئے تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ایک سرکاری اہلکار سمیت قوم کے 6 بہادر سپوت شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کسٹمز ہاؤس پرحملہ دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا مظہر تھا، حملے کا مقصد کسٹمز حکام کو اپنے قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں جاری مجرمانہ سرگرمیوں کو جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرنا تھا۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کسٹمز ہاؤس پر دہشتگرد حملے میں کسٹمز کے 2 افسران اور ایک اہلکار سمیت 6 بہادر جوانوں کی شہادت پر اظہار افسو س کیا۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔حکومت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بلوچستان کے علاقوں چاغی اور پشین میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے دوران دو افسران اور کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت چھ بہادر جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا ، انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بناتی رہیں گی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نےنوکچہ (چاغی) اور زیارت کراس (پشین) میں 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے کسٹمز افسران سمیت وطن کے 6 بہادر سپوتوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر کسٹم ہائوس پر حملہ ناکام بنایا، شہداء کی یہ عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم کا واضح ثبوت ہیں، سکیورٹی فورسز بلوچستان میں قیام امن کے لیے مکمل پرعزم ہیں۔