ٹیکس پالیسی آفس کے ڈی جی ڈاکٹر نجیب احمد میمن فوری طور پر مستعفی

02 ستمبر ، 2026

اسلام آباد (مہتاب حیدر)ٹیکس پالیسی آفس کے ڈی جی ڈاکٹر نجیب احمد میمن فوری طور پر مستعفی، وزارتِ خزانہ نے پرکشش تنخواہ پر ڈی جی ٹیکس پالیسی آفس کا اشتہار جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق فنانس ڈویژن کے ماتحت قائم کیے گئے خاصے زیر بحث ٹیکس پالیسی آفس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نجیب احمد میمن نے فوری طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے جائزہ مشن کے اسلام آباد کے دورے سے ٹھیک پہلے، جو غالباً اس ماہ کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہے، یہ اہم عہدہ خالی ہو گیا ہے۔ وزارتِ خزانہ نے ڈی جی ٹیکس پالیسی آفس کے اس عہدے کے لیے پرکشش اسپیشل پروفیشنل پے سکیلز (SPPS-1) کی پیشکش کے ساتھ اشتہار جاری کر دیا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے ترجمان سے رابطہ کرکے ڈی جی ٹیکس پالیسی آفس ڈاکٹر نجیب احمد میمن کے بارے میں استفسار کیا گیا تو ترجمان نے بتایا کہ وہ بطور ڈی جی ٹی پی او مزید خدمات انجام نہیں دیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈاکٹر نجیب احمد میمن نے ٹی پی او کے ڈی جی کی حیثیت سے کنٹریکٹ پر تعیناتی سے قبل ہی قبل از وقت ریٹائرمنٹ حاصل کر لی تھی۔ ڈاکٹر نجیب احمد میمن کو وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے 24 اکتوبر 2025 کو وزارتِ خزانہ میں ڈائریکٹر جنرل ٹیکس پالیسی آفس مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی تقرری کے وقت جاری کیے گئے سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم نے ڈاکٹر نجیب احمد میمن کو فوری طور پر اور مزید احکامات تک فنانس ڈویژن میں ڈائریکٹر جنرل (SPPS-1)، ٹیکس پالیسی آفس کے عہدے پر دو سال کی مدت کے لیے کنٹریکٹ بنیادوں پر مقرر کرنے کی منظوری دی ہے۔ یہ تقرری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے 9 اپریل 2024 کے آفس میمورنڈم نمبر 1/11/2018 - E-6 میں درج مروجہ شرائط و ضوابط کے تحت کی گئی تھی۔ فنانس ڈویژن کے ٹیکس پالیسی آفس نے ایف بی آر کے رکن ڈاکٹر حامد عتیق سرور کی مکمل معاونت سے مالی سال 2026-27 کے گزشتہ بجٹ کے لیے ٹیکس تجاویز تیار کی تھیں۔