لاہور کو روشنیوں، پھولوں اور سبزے کا شہر بنانے کامنصوبہ

02 ستمبر ، 2026

لاہور (آصف محمود بٹ)وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایات پر لاہور کو روشنیوں، پھولوں اور سبزے کا شہر بنانے کامنصوبہ۔جشن آزادی پر ریکارڈ توڑ چراغاں، مینار پاکستان پر شاندار آتش بازی اور لیزر لائٹس شو، عید میلادالنبی ؐپر بھی شہر بقعۂ نور بن گیا ۔32 ہزار سے زائد پودوں کی گھروں تک مفت فراہمی، پانی بچانے کیلئے ری چارج ویلز اور وضو کے پانی کی ری سائیکلنگ کا منصوبہ ۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی لاہور کو سرسبز، خوبصورت اور دیدہ زیب بنانے کی پالیسی اور خصوصی ہدایات پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور نے شہر کی خوبصورتی، شجرکاری، پارکس کی بحالی، شہری جنگلات، پانی کے تحفظ اور ادارہ جاتی استعداد بہتر بنانے کیلئے متعدد بڑے منصوبوں پر کام تیز کر دیا ہے، جشن آزادی کے موقع پر شہر بھر میں شاندار چراغاں، مینار پاکستان پر بھرپور آتش بازی اور لیزر لائٹس شو جبکہ عید میلادالنبیؐ پر بھی لاہور کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ پی ایچ اے کی جانب سے جشن آزادی کے موقع پر لاہور میں کی جانے والی وسیع پیمانے پر لائٹنگ کو شہریوں کے ساتھ ساتھ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بھی بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ مینار پاکستان پر آتش بازی اور لیزر لائٹس شو نے جشن آزادی کی تقریبات کو مزید نمایاں بنا دیا، جبکہ شہر کے مختلف اہم مقامات، شاہراہوں اور گرین بیلٹس کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا۔ پی ایچ اے ذرائع کے مطابق رواں سال جشن آزادی کے انتظامات گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بڑے پیمانے پر کئے گئے۔ عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر بھی پی ایچ اے نے لاہور کی سجاوٹ کیلئے خصوصی انتظامات کئے اور شہر کے مختلف حصوں کو روشنیوں سے منور کیا گیا۔ عید میلادالنبی ؐ کے موقع پر کی جانے والی سجاوٹ کو شہریوں اور ذرائع ابلاغ کی جانب سے بھی سراہا گیا۔شہر کی عارضی سجاوٹ اور قومی و مذہبی تہواروں کے موقع پر چراغاں کے ساتھ ساتھ پی ایچ اے نے لاہور کے مستقل حسن اور سبزے میں اضافے کیلئے بھی بڑے پیمانے پر منصوبہ بندی شروع کر رکھی ہے۔ ادارے کی جانب سے ضلع بھر میں ایک لاکھ پھولدار پودے لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کیلئے تمام ہارٹیکلچر زونز میں شاہراہوں، گرین بیلٹس اور دیگر موزوں مقامات کی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے۔ پی ایچ اے کا ہدف ہے کہ آئندہ چند برسوں میں لاہور میں بھی یورپی ممالک کے بڑے شہروں کی طرز پر باقاعدہ ’’فلاور سیزن‘‘ متعارف کرایا جائے، جس کے دوران شہر کی اہم شاہراہوں، گرین بیلٹس اور عوامی مقامات پر موسمی پھولوں کی وسیع پیمانے پر نمائش ہو۔