قوانینِ کسٹمز میں اہم ترامیم، جرمانوں اور سزاؤں میں بڑا اضافہ

08 ستمبر ، 2026

اسلام آباد(حنیف خالد)قوانینِ کسٹمز میں اہم ترامیم، جرمانوں اور سزاؤں میں بڑا اضافہ،غیر قانونی طور پر ضبط شدہ مال میں ردوبدل پر سخت کارروائی کی منظوری،حکومت کی جانب سے کسٹمز قانون میں اہم ترامیم تجویز کی گئی ہیں، جن کے تحت مختلف خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں اور سزاؤں کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ دستاویز کے مطابق سیکشن 156 کی ذیلی شق (1) کے جدول میں سیریل نمبر 7A کے تیسرے کالم میں موجود الفاظ “five hundred thousand” یعنی پانچ لاکھ کی جگہ “ten million” یعنی ایک کروڑ روپے کی رقم درج کی جائے گی، جس سے متعلقہ خلاف ورزی پر عائد مالی جرمانے کی حد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ سیریل نمبر 62 کے بعد نیا سیریل نمبر 62A شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت اگر کوئی شخص ایسے کسی مال کی منتقلی، تبدیلی، نقصان پہنچانے یا کسی بھی طرح اس میں ردوبدل کرنے یا چھیڑ چھاڑ کرنے میں ملوث پایا جاتا ہے جو کسٹمز حکام کے اختیار میں ہو، خواہ وہ مال ضبط شدہ ہو یا نہ ہو، اور یہ عمل کلیکٹر کی جانب سے اسٹیٹ ویئرہاؤس کے طور پر مقرر کردہ مقام پر کیا گیا ہو، تو ایسے شخص کو مال کی مالیت کے دو گنا تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔