پاکستان میں معمر افراد کی تعداد 3 کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کرنے کا امکان

08 ستمبر ، 2026

اسلام آباد() نیو زرپورٹر)پاکستان میں معمر افراد کی تعداد 3 کروڑ 70 لاکھ سے تجاوز کرنے کا امکان ، پاکستان کی بڑھتی ہوئی عمر رسیدہ آبادی کے مستقبل کو محفوظ بنانے کےلئے ماہرین نے ملک میں بزرگ شہریوں کےلئے جامع صحت و نگہداشت کا نظام قائم کرنے، عمر دوست شہروں کی منصوبہ بندی، کمیونٹی کیئر کو فروغ دینے اور عمر رسیدہ افراد کو قومی ترقی کا فعال حصہ بنانے پر زور دیا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان آج نوجوان آبادی کے بڑے حصے کی وجہ سے آبادیاتی فائدے سے گزر رہا ہے لیکن اگلی تین دہائیوں میں یہی آبادی تیزی سے عمر رسیدہ ہو جائے گی اس لئے اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے ابھی سے پالیسی سازی ضروری ہے۔یہ بات پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی(SDPI) اور ترکی کے ابنِ سینا انسٹی ٹیوٹ کے اشتراک سے منعقدہ خصوصی مذاکرے ’’عمر رسیدگی اور ترقی‘‘ میں کہی گئی، جس میں عمر رسیدگی کے طبی، سماجی، معاشی، پالیسی اور روحانی پہلوؤں پر ماہرین نے اظہار خیال کیا۔