قوانینِ کسٹمز میں اہم ترامیم جرمانوں اور سزاؤں میں بڑا اضافہ

08 ستمبر ، 2026

اسلام آباد(حنیف خالد)قوانینِ کسٹمز میں اہم ترامیم، جرمانوں اور سزاؤں میں بڑا اضافہ،غیر قانونی طور پر ضبط شدہ مال میں ردوبدل پر سخت کارروائی کی منظوری،حکومت کی جانب سے کسٹمز قانون میں اہم ترامیم تجویز کی گئی ہیں، جن کے تحت مختلف خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں اور سزاؤں کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ دستاویز کے مطابق سیکشن 156 کی ذیلی شق (1) کے جدول میں سیریل نمبر 7A کے تیسرے کالم میں موجود الفاظ “five hundred thousand” یعنی پانچ لاکھ کی جگہ “ten million” یعنی ایک کروڑ روپے کی رقم درج کی جائے گی، جس سے متعلقہ خلاف ورزی پر عائد مالی جرمانے کی حد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ سیریل نمبر 62 کے بعد نیا سیریل نمبر 62A شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت اگر کوئی شخص ایسے کسی مال کی منتقلی، تبدیلی، نقصان پہنچانے یا کسی بھی طرح اس میں ردوبدل کرنے یا چھیڑ چھاڑ کرنے میں ملوث پایا جاتا ہے جو کسٹمز حکام کے اختیار میں ہو، خواہ وہ مال ضبط شدہ ہو یا نہ ہو، اور یہ عمل کلیکٹر کی جانب سے اسٹیٹ ویئرہاؤس کے طور پر مقرر کردہ مقام پر کیا گیا ہو، تو ایسے شخص کو مال کی مالیت کے دو گنا تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مزید برآں، خصوصی جج کی جانب سے سزا سنائے جانے پر ایسے شخص کو پانچ سال تک قید، جرمانہ یا بیک وقت قید اور جرمانے دونوں کی سزا دی جا سکے گی۔ اسی ترمیمی سلسلے میں سیریل نمبر 83 کے تحت ایسے افسر کے خلاف بھی کارروائی کی شق شامل کی گئی ہے جو کسی اتھارٹی میں تعینات ہو اور سیکشن 170 کے تحت ضبط یا زیرِ اعتراض مال کسٹمز کے پاس جمع کرانے کا پابند ہو، لیکن اپنی قانونی ذمہ داری پوری کرنے میں غفلت یا کوتاہی کرے۔ اس طرح مجوزہ ترامیم کا مقصد کسٹمز کے زیرِ تحویل مال کو محفوظ رکھنا، اس میں غیر قانونی ردوبدل کی روک تھام کرنا، سرکاری اہلکاروں کی ذمہ داری یقینی بنانا اور خلاف ورزیوں کی صورت میں زیادہ مؤثر قانونی کارروائی کو ممکن بنانا ہے۔