وفاقی حکومت نے 11 ماہ میں آئی پی پیز کو 29 کھرب 35 ارب روپے ادا کیے

08 ستمبر ، 2026

اسلام آباد ( رانا غلام قادر ) وفاقی حکومت نے گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ میں آئی پی پیز کو 29 کھرب 35 ارب روپے ادا کیے۔وزارت توانائی نے گزشتہ مالی سال میں آئی پی پیز کو کی جانے والی ادائیگیوں کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کر دیں ،11 ماہ میں آئی پی پیز کو انرجی پیمنٹس کی مد میں 11 کھرب 68 ارب ادائیگیاں کی گئیں جبکہ 11 ماہ میں آئی پی پیز کو کیپسٹی پیمنٹس کی مد میں 15 کھرب 65 ارب ادائیگی کی گئی۔وزارت توانائی نے گزشتہ مالی سال میں آئی پی پیز کو کی جانے والی ادائیگیوں کی تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کر دیں۔ جولائی 2025 سے مئی 2026 تک آئی پی پیز کو حکومت نے 29 کھرب 35 ارب 76 کروڑ قومی خزانے سے ادا کئے۔دستاویز کے مطا بق جون 2026 کا بلنگ کا عمل تاحال مکمل نہیں کیا گیا۔وزارت توانائی کا موقف ہے کہ آئی پی پیز کو نیپرا کے طے شدہ نرخوں یا معاہدے سے زائد کوئی ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔ وزارت توانا ئی کے مطابق 11 ماہ میں بگاس سے چلنے والے پلانٹس سے 714گیگا واٹ آور پیداوار حاصل کی گئی۔بیگاس سے چلنے والے پلانٹس کو 14 ارب 82 کروڑ ادائیگی کی گئی۔ہائڈل پاور پلانٹس کی 11 ماہ میں 34 ہزار 234گیگا واٹ آورز پیداواررہی۔ہائیڈل پاور پلانٹس کو 375 ارب 4 کروڑ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔ گیس سے چلنے والے پلانٹس کی کل پیداوار 10ہزار 588 گیگا واٹ آور رہی۔ 200 ارب 84 کروڑ مجموعی ادائگیاں کی گئیں۔ درآمد شدہ کوئلے سے چلنے والے پلانٹس نے 12 ہزار 48 گیگا واٹ آور بجلی پیدا کی۔ 637 ارب 91 کروڑ ادائیگی کی گئی ۔نیوکلئیر پاور پلانٹس نے 21 ہزار 31 گیگا واٹ آور بجلی پیدا کی۔ 469 ارب 44 کروڑ کی مجموعی ادائیگیاں کی گئیں۔