ٹرمپ غیر مقبول، وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کی اکثریت خطرے میں

08 ستمبر ، 2026

کراچی (نیوز ڈیسک)ٹرمپ کی غیر مقبولیت، نومبر کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کی اکثریت خطرے میں، وسط مدتی انتخابات وائٹ ہاؤس کے مکین پر ریفرنڈم: ٹرمپ کے دور میں سیاسی مشکلات میں اضافہ۔ تفصیلات کے مطابق لیبر ڈے کے موقع پر پیر کو انتخابی مہم کی غیر رسمی دوڑ شروع ہوتے ہی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گرتی ہوئی مقبولیت ریپبلکن پارٹی کے لیے کانگریس میں اپنی معمولی اکثریت برقرار رکھنے کے امکانات کو خطرے میں ڈال رہی ہے، جبکہ نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں اب صرف دو ماہ باقی رہ گئے ہیں۔ انتخابی ماہرین کے مطابق، وسط مدتی انتخابات سب سے بڑھ کر وائٹ ہاؤس میں موجود صدر کی کارکردگی اور مقبولیت پر عوامی رائے شماری کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ٹرمپ کے دور میں یہ بات مزید درست ثابت ہوتی ہے، کیونکہ وہ تقریباً ایک دہائی سے ملک کی سب سے نمایاں سیاسی شخصیت رہے ہیں اور اپنے اقتدار کے آخری دو برسوں میں انہیں سخت سیاسی مشکلات اور مخالفت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر ڈیموکریٹس امریکی ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کر لیتے ہیں، جس کے امکانات بظاہر زیادہ ہیں، تو پارٹی ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف نقصان دہ تحقیقات شروع کرنے کی پوزیشن میں آ جائے گی، جبکہ وائٹ ہاؤس کو زیادہ تر قانون سازی کے معاملات میں سمجھوتہ کرنے پر مجبور کیا جا سکے گا۔ پارٹی رہنما پہلے ہی ٹرمپ کی مبینہ بدعنوانی کے حوالے سے تحقیقات شروع کرنے کا عزم ظاہر کر چکے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، امریکی سینیٹ کا کنٹرول حاصل کرنے کی دوڑ اس وقت اتنی سخت ہے کہ کسی حتمی نتیجے کی پیش گوئی کرنا ممکن نہیں۔ تاہم، اگر ڈیموکریٹس سینیٹ میں اکثریت حاصل کر لیتے ہیں تو وہ ٹرمپ کی جانب سے نامزد کیے جانے والے کئی امیدواروں کی منظوری روک سکتے ہیں، جن میں سپریم کورٹ کے جج بھی شامل ہیں، اگر اعلیٰ عدالت میں کسی جج کی نشست خالی ہو جائے۔ اگرچہ ڈیموکریٹس کو بھی اپنے مسائل کا سامنا ہے، جن میں پارٹی کے اعتدال پسند اور بائیں بازو کے دھڑے کے درمیان نظریاتی اختلافات شامل ہیں۔