پنجاب حکومت کا 200 سے زائد اسپورٹس سہولتیں نجی شعبے کے سپرد کرنے کا فیصلہ

08 ستمبر ، 2026

لاہور (آصف محمود بٹ)پنجاب حکومت کا 200 سے زائد اسپورٹس سہولتیں نجی شعبے کے سپرد کرنے کا فیصلہ۔موجودہ کھیلوں کے مراکز کو فعال ، نوجوانوں کیلئے مواقع بڑھانے کا منصوبہ ،مریم نواز اسپورٹس سٹی سمیت نئے منصوبوں پر کام جاری۔حکام کے مطابق نجی شعبے کی شمولیت سے کھیلوں کے مراکز کی انتظامی کارکردگی بہتر ہوگی، مختلف کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعقاد کو فروغ ملے گا۔ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں قائم 200 سے زائد اسپورٹس سہولتوں کے انتظام و انصرام اور آپریشنز نجی شعبے کے حوالے کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا، اقدام کا مقصد پہلے سے موجود کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال، انتظامی کارکردگی بہتر اور نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔ معتبر ذرائع نے “جنگ” کو بتایا کہ یہ منصوبہ پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کے اشتراک سے آگے بڑھایا جا رہا ہے اور صوبائی حکومت کی کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو زیادہ فعال، مؤثر اور پائیدار بنانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کھیلوں کی سہولتوں کا ایک وسیع نیٹ ورک موجود ہے جس میں عالمی معیار کے اسکواش کمپلیکسز، سوئمنگ کمپلیکسز، ٹینس اسٹیڈیمز، جمنازیمز، فٹبال، ہاکی اور کرکٹ اسٹیڈیمز سمیت مختلف کھیلوں کے مراکز شامل ہیں، تاہم ان سہولتوں میں سے متعدد اپنی مکمل استعداد کے مطابق استعمال نہیں ہو رہیں۔مجوزہ نجی شعبہ مینجمنٹ ماڈل کے ذریعے اس خلا کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی اور کھیلوں کے مراکز کے انتظام میں پیشہ ورانہ مہارت اور جدید آپریشنل طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا۔  پنجاب میں گزشتہ برسوں کے دوران روایتی کھیلوں کے ساتھ ساتھ نئے اور ابھرتے ہوئے کھیلوں کیلئے بھی انفراسٹرکچر میں اضافہ کیا گیا ہے۔200 سے زائد موجودہ کھیلوں کی سہولتوں کے انتظام کو نجی شعبے کے سپرد کرنے کی تجویز اس دیرینہ مسئلے سے نمٹنے کی کوشش ہے کہ نئے اسپورٹس انفراسٹرکچر کی تعمیر کے بعد اسے مسلسل اور مؤثر انداز میں کیسے استعمال کیا جائے۔ دوسری جانب حکومت نئے کھیلوں کے منصوبوں پر بھی پیش رفت کر رہی ہے، جن میں مریم نواز اسپورٹس سٹی کا قیام اور جدید ترین پیڈل کورٹس کی تعمیر شامل ہے حکام کے مطابق صوبے میں موجود کھیلوں کے انفراسٹرکچر کے بہتر انتظام اور زیادہ سے زیادہ استعمال سے اس شعبے میں پہلے ہی کی جانے والی سرکاری سرمایہ کاری سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔