اسلام آبا(صالح ظافر) نئے سیکریٹری خارجہ کی تقرری کے لیے اعلیٰ سطحی مشاورت مکمل ہوگئی اور عاصم افتخار احمد کے نام پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے نیویارک روانگی سے قبل ان کی تقرری کا اعلان کریں گے۔باخبر ذرائع کے مطابق موجودہ سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ رواں ماہ کے تیسرے ہفتے میں مدتِ ملازمت مکمل کررہی ہیں، جس کے بعد عاصم افتخار احمد دفتر خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔عاصم افتخار احمد اس وقت اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے ہیں۔ وہ کیریئر ڈپلومیٹ ہیں اور فرانس و تھائی لینڈ میں پاکستان کے سفیر کے علاوہ وزارت خارجہ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیں۔ اپریل 2025 میں اقوام متحدہ میں مستقل نمائندہ مقرر ہونے کے بعد انہوں نے سلامتی کونسل میں پاکستان کی نمائندگی کی اور جولائی 2025 میں کونسل کی صدارت بھی کی۔دریں اثنا، آمنہ بلوچ کو مغربی ملک میں اہم سفارتی ذمہ داری دینے کی پیشکش کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت برسلز میں بطور سفیر یورپی یونین اور دیگر عالمی اداروں میں ان کی مؤثر سفارتی کارکردگی اور تجربے سے آئندہ بھی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔