اسلام آباد(کامرس رپورٹر )کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دوران سربراہان مملکت کی نقل و حرکت کیلئے 30 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کے لیے 6 ارب 60کروڑر وپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی ، ای سی سی نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت کی کہ مزید گاڑیوں کی ضرورت کے حوالے سے جامع اور تفصیلی جائزہ لیاجائے اور ضرورت پڑنے پر معاملہ دوبارہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے،کابینہ ڈویژن نے 12ارب60کروڑ روپے کی گرانٹ طلب کی تھی تاہم ای سی سی نے مزید ضرورت کی صورت میں دوبارہ سمری پیش کرنے کی ہدایت کی ، ای سی سی کا اجلاس وفاقی وزیر خزانہ سینٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ہوا ،اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی اس تجویز کی بھی منظوری دی کہ موجودہ انتظام کے تحت فاطمہ فرٹیلائزر اور ایگری ٹیک کو 30 ستمبر 2026تک گیس کی فراہمی جاری رکھی جائے۔ ای سی سی نے وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے پیش کردہ سمری بھی منظور کرلی، جس کے تحت دانش سکولز اتھارٹی فنڈ کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ کے ذریعے 5 ارب روپے بطور ابتدائی سرمایہ فراہم کیے جائینگے، جو اینڈومنٹ فریم ورک کے تحت برقرار رکھے جائیں گے، اس کے علاوہ کمیٹی نے پاکستان سکلزامپیکٹ بانڈ (PSIB) پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو 30 ستمبر 2026 تک کی ڈیڈ لائن دی کہ حکومتِ پاکستان کی ضمانت میں توسیع کے حوالے سے اس اقدام پر ہونے والی خاطر خواہ پیش رفت سے آگاہ کیا جائے، کمیٹی نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے تمباکو کی فصل کے کم از کم نرخ اور مالی سال 2026-27 کے لیے سیس کی شرحوں پر نظرثانی سے متعلق پیش کردہ سمری پر بھی غور کیا، تفصیلی بحث کے بعد ای سی سی نے قرار دیا کہ تجویز کے لیے مزید ٹھوس جواز اور تفصیلی دلائل درکار ہیں چنانچہ کمیٹی نے ایجنڈا مؤخر کرتے ہوئے وزارت کو ہدایت کی کہ قابلِ جواز تجزیے کے ساتھ نظرثانی شدہ تجویز دوبارہ پیش کی جائے۔ای سی سی نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے گوادر فری زون سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد سے متعلق مسائل کے حل کے لیے قائم کمیٹی کی سفارشات پر مشتمل سمری پر بھی غور کیا۔ کمیٹی نے وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی سفارشات کے مطابق ضروری حفاظتی اقدامات کے ساتھ تجویز کی منظوری دے دی ۔