اسلام آباد ( رپور ٹ حنیف خالد ) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چئیرمین چودھری محمد ذکا اشرف نے پسما اجلاسوں کی صدارت کے بعد کہا ھے کہ وفاقی دارالحکومت میں اہم اجلاسوں میں ایف بی آر چاروں صوبائی کین کمشنروں اور صوبوں کے سیکرٹری خوراکو زراعت و وفاقی سیکرٹری نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین کی زیر صدارت متعدد اجلاسوں میں چینی کے سرپلس اسٹاک کی تصدیق کر لی گئے ھے اس کے باوجود حکومت شوگر انڈسٹری کی جانب سے فاضل چینی برآمد کر کے ملک کیلئے قیمتی زرِمبادلہ کمانے کی درخواستوں پر فیصلے کرنے میں تاخیر کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملوں میں اضافی چینی کی موجودگی سےشوگر ملوں کوسرپلس اسٹاک رکھنے کیلئے اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں جس میں بینکوں کے مارک-اپ بھی شامل ہیں۔گنے کی کٹائی اور نئے کرشنگ سیزن کے آغاز میں صرف دو ماہ باقی رہ گئے ہیں، جبکہ شوگر انڈسٹری کو پلانٹ اور مشینری کی دیکھ بھال و مرمت، کاشتکاروں کی ادائیگیوں، تنخواہوں کی ادائیگی اور دیگر متعلقہ امور کیلئے درکار نقد رقم کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔نئی فصل کے تخمینے کے مطابق 8 ملین میٹرک ٹن چینی کی پیداوار متوقع ہے جبکہ ضرورت سےزائد 10 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی کی موجودگی میں نئے سیزن کی چینی کو سٹور کرنا دشوار ہو گا۔ گنے کی قیمتوں، ٹیکسز ، اُجرت اور درآمد شدہ کیمیکلز کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ سےشوگر ملوں کی پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہےجبکہ چینی کی قیمتیں پیداواری لاگت سے بہت کم ہیں جو کہ ملوں کے مالی معاملات کو گھمبیر بنا رہے ہیں جس کی وجہ سے شوگر ملوں کو کسانوں کو ادائیگیوں میں مشکلات پیش آئیں گی۔شوگر ملز ایسوسی ایشن طویل عرصے سے میڈیا میں ان مسائل کو اجاگر کر رہی ہے۔