ٹرمپ کی AI پوسٹوں سے امریکی سیاست میں ہلچل، ایک دن میں 37 سے زائد پوسٹس

08 ستمبر ، 2026

کراچی (رفیق مانگٹ)امریکی صدر ٹرمپ کی AI پوسٹوں سے امریکی سیاست میں ہلچل، ایک دن میں 37 سے زائد پوسٹس، جن میں خلا سے ایٹمی جنگ اور ایران پر حملوں کی جعلی تصاویر، جارج واشنگٹن سے ملاقات اورنیو میکسیکو کا نام تبدیل کرکے ’نیو امریکا‘ کرنے کی رقص کرتی ویڈیو ز شامل ہیں، ناقدین کی جانب سے ٹرمپ کو ہٹانے کا مطالبہ تیز ہوگیا، ڈیموکریٹ ارکان نے ٹرمپ کابینہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 25ویں ترمیم نافذ کریں۔ تفصیلات کے مطابق امریکی سیاست ایک بار پھر غیر معمولی ہلچل کی زد میں ہے، جہاں 80 سالہ صدر ٹرمپ کی جانب سے مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ درجنوں متنازع تصاویر اور ویڈیوز نے نہ صرف سیاسی درجہ حرارت بڑھا دیا بلکہ ان کی ذہنی اہلیت اور منصب پر برقرار رہنے کے سوالات کو بھی نئی شدت دے دی ہے۔ اتوار کو ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری اس غیر معمولی مہم نے واشنگٹن سمیت عالمی میڈیا میں ایک نیا بحران کھڑا کر دیا ہے، جس کے بعد 25ویں آئینی ترمیم کے تحت انہیں عہدے سے ہٹانے کے مطالبات تیزی سے ابھر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے ایک ہی دن میں 37 سے زائد AI سے تخلیق کردہ پوسٹس شیئر کیں۔ ان میں خلا سے ایٹمی جنگ کے آغاز، ایران پر حملوں، اور تاریخی شخصیات کے ساتھ جعلی ملاقاتوں جیسے مناظر شامل تھے، جنہیں ناقدین نے سیاسی پروپیگنڈا اور ڈیجیٹل انتشارقرار دیا۔ ٹرمپ نے اگست کے مہینے میں صرف ایک ماہ میں 1000 سے زائد پوسٹس شیئر کیں۔ اپریل کے مہینے میں صرف پانچ دن ایسے تھے جب ٹرمپ کو پوری رات کی نیند آ سکی ہو۔ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی مواد سازی نہ صرف عوامی رائے کو متاثر کر سکتی ہے بلکہ ریاستی بیانیے کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔