اسلام آباد (عاصم جاوید) پاکستان کی اعلیٰ و ماتحت عدلیہ میں زیر التوا مقدمات کی مجموعی تعداد چھ ماہ کے دوران 2.45 فیصد کم ہو کر 30 جون کو 21 لاکھ 68 ہزار 293 رہ گئی۔ یکم جنوری 2026 کو یہ تعداد 22 لاکھ 22 ہزار 685 تھی،30 جون کو 21 لاکھ 68 ہزار 293 رہ گئے، سپریم کورٹ، لاہور، پشاور ہائیکورٹس میں کمی، وفاقی شرعی عدالت، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد ہائیکورٹس میں زیر التواء مقدمات میں اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ، وفاقی شرعی عدالت اور اسلام آباد و چاروں صوبائی ہائیکورٹس میں 30 جون 2026 کو زیر التواء مقدمات کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 3ہزار 384 اور وفاقی دارالحکومت سمیت ملک بھر کی ضلعی عدالتوں میں یہ تعداد 18 لاکھ 64 ہزار 909 ریکارڈ کی گئی، جبکہ یکم جنوری 2026کو زیر التوا مقدمات کی تعداد بالترتیب 3 لاکھ 17 ہزار 988 اور 19 لاکھ 4 ہزار 697 تھی۔ یکم جنوری سے 30 جون 2026 کے چھ ماہ کے دوران اعلیٰ عدلیہ میں زیر التواء مقدمات میں مجموعی طور پر 4.60 فیصد جبکہ ملک بھر کی ماتحت عدالتوں میں 2.09 فیصد کمی ہوئی ،اعداد و شمار کے مطابق چھ ماہ کے دوران سپریم کورٹ، لاہور ہائیکورٹ، پشاور ہائیکورٹ میں زیر التوا مقدمات میں کمی جبکہ وفاقی شرعی عدالت، سندھ ہائیکورٹ، بلوچستان ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا مقدمات میں اضافہ ہوا۔ اسی طرح پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں میں مجموعی طور پر زیر التواء مقدمات میں کمی جبکہ سندھ اور بلوچستان کی ماتحت عدالتوں میں اضافہ ہوا ، رپورٹ کے مطابق یکم جنوری 2026 کو سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد 33 ہزار 806 تھی جو 30 جون کو کم ہو کر 32 ہزار 962 رہ گئی، وفاقی شرعی عدالت میں یکم جنوری کو زیر التواء مقدمات کی تعداد 84 جبکہ 30 جون کو یہ تعداد 103 ہو گئی، لاہور ہائیکورٹ میں یکم جنوری 2026 ء کو زیر التوا مقدمات 1 لاکھ 69 ہزار 35 تھے جو 30 جون کو کم ہو کر 1 لاکھ 55 ہزار 292 رہ گئے،سندھ ہائیکورٹ میں یکم جنوری 2026 ء کو زیر التوا مقدمات 55 ہزار 383 تھے جو 30 جون کو بڑھ کر 56 ہزار 712 ہو گئے۔ پشاور ہائیکورٹ میں یکم جنوری 2026 ء کو زیر التوا مقدمات کی تعداد 36 ہزار 138 تھی جو 30 جون 2026 کو 33 ہزار 105 رہ گئی۔ بلوچستان ہائی کورٹ میں یکم جنوری کو زیر التواء مقدمات 6 ہزار 385 تھے جو 30 جون کو بڑھ کر 7 ہزار 463ہو گئے۔ یکم جنوری 2026 کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں 17ہزار 157 مقدمات زیر التوا تھے جو 30 جون 2026 کو 17 ہزار 745 تک پہنچ گئے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ماتحت عدلیہ میں یکم جنوری 2026 کو زیر التواء مقدمات 51 ہزار 225 تھے جو 30 جون 2026 کو 46 ہزار 979 رہ گئے۔