FBRنے ٹیکس ریٹرن فارم میں بڑی تبدیلیاں کردیں، نئی شقیں شامل

08 ستمبر ، 2026

اسلام آباد (صباح نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی قانونی آخری تاریخ سے محض چند ہفتے قبل2026 کے ٹیکس ریٹرن فارم میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئےنئی شقیں شامل کردی ہیں، نئی ترامیم کا اطلاق سال2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن کے نظام پر ہوگا، قانوی ماہرین نےنئی تبدیلیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2026کے انکم ٹیکس ریٹرن فارم میں اہم تبدیلیاں کردی ہیں، یہ اقدام ریٹرن جمع کرانے کی مقررہ آخری تاریخ سے چند ہفتے قبل کیا گیا ہے۔ ایف بی آر کے جاری کردہ ایس آر او 1495(I)/2026 کے تحت انکم ٹیکس رولز 2002میں ترمیم کے ذریعے سیکنڈ شیڈول کے پارٹ ٹو زیڈ ای، زیڈ ایف، زیڈ جی اور زیڈ ایچ کے تحت نئی شقیں شامل کی گئی ہیں۔ایف بی آر کا کہنا ہے کہ نئی ترامیم کا اطلاق ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن کے نظام پر ہوگا۔دوسری جانب قانونی ماہرین نے ریٹرن فارم میں تبدیلی کے وقت پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی قانونی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026ہے اور اس مرحلے پر فارم میں تبدیلی سے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس ماہرین کو قانونی و تکنیکی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے،سال 2026کا انکم ٹیکس ریٹرن فریم ورک براہِ راست متاثر ہوگا۔ماہرین نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ نئی ترامیم کے دائرہ کار اور ان کے نفاذ کے حوالے سے فوری وضاحت جاری کی جائے تاکہ ٹیکس دہندگان مقررہ مدت کے اندر اپنے ریٹرن جمع کراسکیں۔