ہرمز میں امریکی خفیہ آپریشن، 4ماہ میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا دعویٰ

08 ستمبر ، 2026

کراچی (رفیق مانگٹ) آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے دوران امریکی نیوی نے ایک خفیہ مگر نہایت خطرناک آپریشن کے ذریعے چار ماہ تک بارودی سرنگوں کی صفائی کی، جس میں نیوی سیل غوطہ خوروں، روبوٹ کشتیوں اور جدید سونار ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ تمام سرنگیں ختم کر دی گئی ہیں، تاہم ماہرین اور بحری صنعت اس پر شکوک کا اظہار کر رہے ہیں۔ ایران نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے خطرے کو برقرار قرار دیا ہے، جبکہ انشورنس اخراجات میں کئی گنا اضافہ اور تجارتی جہازوں کی محدود آمد و رفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ اصل جنگ صرف میدان میں نہیں بلکہ معلوماتی محاذ پر بھی جاری ہے۔ برطانوی اخبار کی تفصیلی رپورٹ کے مطابق یہ آپریشن ایسے وقت میں جاری رہا جب امریکہ اور ایران کے درمیان آبنائے ہرمز میں حملوں کا تبادلہ ہو رہا تھا۔ بارودی سرنگوں کی تلاش اور تلفی کا عمل مکمل طور پر پانی کے اندر اور اندھیرے میں انجام دیا گیا تاکہ تجارتی جہازوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ بننے والے خطرات کو کم کیا جا سکے۔ جون تک تقریباً 80 سرنگیں اہم بحری راستوں میں بچھائی گئی تھیں۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کے بین الاقوامی پانیوں سے تمام بارودی سرنگیں ہٹا دی گئی ہیں یا تباہ کر دی گئی ہیں، جس کی امریکی فوج نے بھی تصدیق کی۔ تاہم ماہرین اور بحری صنعت سے وابستہ افراد اس دعوے پر مکمل اتفاق نہیں کرتے اور ان کے مطابق آبنائے کے کچھ حصوں میں اب بھی خطرات موجود ہو سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اگرچہ کسی امریکی اہلکار کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی، تاہم یہ مشن اپنی نوعیت کے اعتبار سے نہایت خطرناک تھا۔ دوسری جانب ایران نے امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرنگوں کے اصل مقامات صرف اسے معلوم ہیں، جبکہ امریکی بحری معلوماتی مرکز نے بھی خبردار کیا ہے کہ بہتی ہوئی یا نامعلوم سرنگوں کا خطرہ برقرار ہے۔ تجارتی جہازوں کی آمد و رفت اب بھی محدود ہے اور انشورنس اخراجات جنگ سے پہلے کے مقابلے میں دس گنا تک بڑھ چکے ہیں، جس کے باعث ایک بڑے آئل ٹینکر کے لیے بیمہ لاگت 2 ارب 77 کروڑ روپے (تقریباً 10 ملین ڈالر) تک پہنچ سکتی ہے۔