اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لے لیا،انہوں نےملک کے مختلف شہروں میں بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایت دی کہ کسی بھی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، خطے کی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے آر ایل این جی کی ترسیل میں تعطل سے نمٹنے کے لئے فوری اقدامات لئے جائیں، وزیراعظم نے یہ ہدایت اپنی زیر صدارت ملک میں بجلی کی لوڈ منیجمنٹ پر اہم جائزہ اجلاس کے دوران دی۔ ادھر زرعی شعبے اور زرعی برآمدات کے فروغ کے حوالے سے بلائے گئےاعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کی زرعی مصنوعات کے لیے عالمی منڈیوں میں رسائی بڑھانے اور نئی منڈیاں تلاش کرنے کے لیے مربوط اقدامات کئے جائیں۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی لوڈ منیجمنٹ پر جائزہ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ خطے کی حالیہ صورتحال اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوئی ، جس کے نتیجے میں طلب و رسد میں توازن برقرار رکھنے کیلئے مجبورا" لوڈ مینجمنٹ کرنی پڑ رہی ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ تمام موجود وسائل کا موثر استعمال کیا جائے تاکہ کسی علاقے میں دو گھنٹے سے زیادہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ ہو۔وزیراعظم نے حکم دیا کہ ملک بھر میں بجلی کی ترسیل اور دیگر تمام مسائل سے متعلق عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ڈسکوز کی سطح پر کنزیومر گریوینس ریڈریسل کمیٹیاں قائم کی جائیں، ریڈریسل کمیٹی میں عوامی نمائندگی بھی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر گریونس کمیٹیوں کو فعال کیا جائے، اجلاس کو بتایا گیا کہ ہیلپ لائین نمبر 118 کے ذریعے بجلی صارفین اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں ، شکایت درج کروانے پر صارف کو ٹوکن نمبر اور شکایت کے ازالے کا وقت بھی بتایا جاتا ہے۔دریں اثناء وزیر اعظم کی زیر صدارت زرعی شعبے اور زرعی برآمدات کے فروغ کے حوالے سےاعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ۔