نیپرا کی 47 ارب ڈالر کے بجلی کے طویل مدتی منصوبے کی منظوری

12 ستمبر ، 2026

اسلام آباد (اسرار خان) پاکستان کے پاور ریگولیٹر نے 47 ارب ڈالر پر مشتمل ایک دہائی طویل بجلی کی توسیع کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، تاہم 900 ملین ڈالر کی بیٹری اسٹوریج کی سرمایہ کاری کو بلاجواز قرار دے کر مسترد کر دیا۔ اس کے ساتھ ہی یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ ریگولیٹر کی بار بار کی گئی تنبیہوں کے باوجود، ملک کی تاریخ کی سب سے سستی قابلِ تجدید توانائی کو ایک سال سے زائد عرصے تک قومی منصوبہ بندی سے باہر رکھا گیا۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کی طرف سے پیش کردہ انٹیگریٹڈ سسٹم پلان 2025-35 کی منظوری دے دی ہے، جو 2035 تک بجلی کی پیداوار اور ترسیل کی ضروریات کا احاطہ کرتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت بجلی کی زیادہ سے زیادہ طلب 2025 کے 26950 میگاواٹ سے بڑھ کر 2035 تک 35521 میگاواٹ تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ اس کے لئے 26045 میگاواٹ نئی صلاحیت (جس میں 17485 میگاواٹ ’’پہلے سے منظور شدہ/کمٹڈ‘‘ اور 8560 میگاواٹ نئے سرے سے بہتر بنائی گئی صلاحیت شامل ہے) درکار ہوگی، جبکہ 2577 میگاواٹ کی پرانی صلاحیت کو ختم (ریٹائر) کیا جائے گا؛ جس کی تخمینہ لاگت 47.13 ارب ڈالر ہے۔