اسلام آباد(جنگ رپورٹر)سپریم کورٹ نے مقررہ وقت کے اندر مقدمات کو نمٹانے پر ضلعی عدلیہ کی شاندار کارکردگی کو سراہا ہے ، چیف جسٹس یحیی آفریدی کی زیر صدارت نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے اجلاس نے انصاف تک رسائی میں بہتری اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کی مضبوطی کے عزم کا اعاد ہ کیا ۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ یکم ستمبر 2025 سے 31 جولائی 2026 کے دوران 1,227,657 زیر التوا ء مقدمات کے مقابلہ میں 1,467,675 مقدمات کے فیصلے ہوئے ، رپورٹ کے مطابق ستمبر 2025 سے جولائی 2026 تک ماڈل کرمنل کورٹس نے 91,071 اور ماڈل سول کورٹس نے 42,386 مقدمات کا فیصلہ کیا ،اجلاس میں ہائی کورٹوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ نیشنل جوڈیشل اینالیٹکس ڈیش بورڈکے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھیں اور تمام چیف جسٹسز کے سامنے ماہانہ بنیادوں پر کارکردگی کی بریفنگ پیش کی جائے، وقت کی پابند ی ،مقدمات کے نمٹانے کے طریقہ کار کو دائمی بنیادوں پر نافذ کرنے اور پرانے زیر التوا ء مقدمات کے بیک لاگ کو کم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی گئی، جبری گمشدگیوں کے مقدمات میں داد رسی اور کمیشن کے قیام کی کارروائی کا جائزہ لیتے ہوئے وزارتِ قانون و انصاف کو معاملہ جلد حتمی شکل دے کر اگلے اجلاس میں جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا، کمیٹی نے بلوچستان ڈسٹرکٹ جوڈیشری ایکٹ 2021 کی طرز پر جوڈیشل سروس کے لیے ایک قانونی فریم ورک تیار کرنے کے عمل کا آغاز کرنے کا متفقہ فیصلہ بھی کیا،اجلاس میں لاہور، پشاور اور سندھ ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے شرکت کی۔