اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بنچ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے مجوزہ احتجاج اور لانگ مارچ کیخلاف کیس میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا سے سرکاری مشینری استعمال نہ ہونے کا بیان حلفی پیر تک طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ عدالت نے فریقین کو جواب الجواب جمع کرانے کی اجازت دیتے ہوئے کہاکہ خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری اور آئی جی کے علاوہ دیگر افسران کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے کہا کہ کوئی غلطی ہو تو معاف کر دیا جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ غلطی معاف نہیں کرتا ، سمجھا دوں گا۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ آپ بادشاہ ہیں، کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کیلئے بیٹھے ہیں۔ چیف سیکرٹری کے پی نے استفسار کیا کہ احتجاج سیاسی سرگرمی ہے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کیا وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی بھی سیاسی سرگرمی ہے؟ ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے کہا وزیر اعلیٰ کے پی نے آئین، قانون یا ملک کی سالمیت کیخلاف کوئی بات نہیں کی، اڈیالہ جیل کے بارے میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، کیا شہریوں کو احتجاج کا حق بھی نہیں؟ چیف جسٹس نے کہا توہین عدالت کا معاملہ عدالت اور توہین کرنیوالے کے درمیان ہوتا ہے، کیسز لگانا عدالت کا انتظامی اختیار ہے، کیا کیسز آپکے مطابق لگنے ہیں؟ آپ نے تو سیدھا سیدھا عدلیہ پر حملہ کر دیا، جسٹس اعظم خان نے کہا وزیر اعلیٰ مریم نواز اور رانا ثناء اللہ کے بیانات کا تذکرہ، لگتا ہے آپ سیاسی باتیں کررہے ہیں۔ جمعہ کو چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل تین رکنی لارجر بنچ نے تاجر وقاص احمد کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، ایڈیشنل آئی جی عباس احسن، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بیرسٹر ظفر اللہ، سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ پہلا نکتہ جسے عدالت کو دیکھنا چاہئے وہ اسکا دائرہ اختیار ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ ایک ایکٹ کے تحت قائم ہوئی اور اسکا دائرہ اختیار اسلام آباد تک محدود ہے۔ پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے افسران کو ہدایات دینا اس عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔ پہلے عدالت یہ طے کرے کہ وہ یہ کیس سن بھی سکتی ہے یا نہیں، اسکے بعد قابل سماعت ہونے کے معاملے پر دلائل دوں گا۔ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے درخواست گزار کے متاثرہ فریق ہونے پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ درخواست گزار کیسے متاثرہ فریق ہے؟ ابھی تو کام ہی نہیں ہوا۔ اس موقع پر درخواست گزار کے وکیل اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کے درمیان تلخی بھی ہوئی۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے کہا کہ درخواست گزار نے دلائل نہیں دئیے بلکہ ان کی جانب سے اٹارنی جنرل نے دلائل دئیے تھے۔ اس پر درخواست گزار کے وکیل نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دلائل دئیے تھے، یہ انتہائی نامناسب بات ہے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ پہلی سماعت کے آرڈر میں درخواست گزار کے وکیل کے دلائل موجود ہیں، انہیں بات کرنے دیں۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو متعدد مرتبہ خاموش رہنے کی ہدایت بھی کی۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر اسلام آباد ہائیکورٹ اس درخواست کو سنے گی تو مقننہ کی دانست ہی ختم ہوجائیگی۔ سوموٹو اختیار ختم ہوچکا ہے، اب مفاد عامہ کی درخواستوں کے ذریعے سوموٹو کا رجحان بن رہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ درخواست گزار نے ایک سیاسی جماعت کو نشانہ بنایا ہے، جبکہ لانگ مارچ صرف ایک جماعت نہیں بلکہ متعدد جماعتیں کر رہی ہیں۔ جس جماعت کیخلاف کارروائی کی بات کی جارہی ہے اسے کیس میں فریق ہی نہیں بنایا گیا، اسے فریق بنایا جانا چاہئے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے استفسار کیا کہ کیا پارٹی لانگ مارچ کر رہی ہے؟ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے جواب دیا کہ وہ صرف عدالت کی معاونت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے پوچھا کہ کیا انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مشاورت کی ہے اور کیا وہ حکومت خیبرپختونخوا کے نمائندے ہیں؟ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ وہ خیبرپختونخوا حکومت کے نمائندے ہیں۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دئیے کہ وزیراعلیٰ کی دو ٹوپیاں ہیں، ایک وزیر اعلیٰ کی اور دوسری سیاسی جماعت کے رکن کی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ اگر وہ پارٹی کے رکن نہ ہوتے تو وزیراعلیٰ کیسے بنتے؟ عدالت کی ہدایت پر ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے وزیر اعلیٰ کے حلف کے متعلقہ حصے بھی پڑھ کر سنائے۔ انکا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ نے ایسی کوئی بات نہیں کی جو آئین، قانون یا ملک کی سالمیت کیخلاف ہو۔ چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل کو آئین کا آرٹیکل 5 پڑھنے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ وزیر اعلیٰ کو ریاست سے زیادہ مخلص ہونا چاہئے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ وزیر اعلیٰ ریاست کے ساتھ بہت زیادہ مخلص ہیں، انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا جو آئین، قانون یا ریاست کیخلاف ہو۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے یہ بیان کیوں دیا؟ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے بیان کا جواب وہ خود دے سکتے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے سوال کیا کہ احتجاج ہمیشہ اسلام آباد کی طرف ہی کیوں آتے ہیں؟ چیف سیکرٹری نے اسے سیاسی سرگرمی قرار دیا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا وفاقی دارالحکومت پر چڑھائی بھی سیاسی سرگرمی ہے؟ عدالت نے بعد ازاں چیف سیکرٹری اور آئی جی خیبرپختونخوا سے بیان حلفی طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور پی ٹی آئی کو بھی کیس میں فریق بنانے کی استدعا کی۔ انہوں نے کہا کہ جن کیخلاف درخواست کے ذریعے رٹ جاری کروانا چاہتے ہیں، انہیں فریق ہی نہیں بنایا گیا۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیراعظم کے معاون برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کے بعض بیانات کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بیان دیا ہے کہ انہیں بھارت سے نہیں بلکہ صوبوں سے زیادہ خطرہ ہے، سوال یہ ہے کہ کیا یہ بیان خیبر پختونخوا کو توڑنے کیلئے نہیں؟ رانا ثناء اللہ نے بھی کہا کہ ہائیکورٹ سے لانگ مارچ کیخلاف فیصلہ آئیگا۔ اس پر جسٹس محمد اعظم خان نے ریمارکس دئیے کہ لگ رہا ہے آپ سیاسی باتیں کر رہے ہیں۔ ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ وہ سیاسی باتیں نہیں بلکہ حقائق بیان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ کیس قانونی کم اور سیاسی زیادہ لگ رہا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے احتجاج اور لانگ مارچ کے دوران کنٹینرز لگانے پر بھی اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کی بات ہوتی ہے تو شہریوں کے آنے سے پہلے ہی کنٹینرز لگا دئیے جاتے ہیں۔ کیا کنٹینرز رکھنا شہریوں کے حقوق کی خلاف ورزی نہیں؟ ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے اڈیالہ جیل سے متعلق عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ دو سال سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہورہا، کیا اس کیخلاف شہریوں کو احتجاج کا حق بھی نہیں؟ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ توہین عدالت کا معاملہ عدالت اور توہین کرنے والے کے درمیان ہوتا ہے، کیسز کب لگنے ہیں یہ عدالت کا انتظامی اختیار ہے، آپ تو عجیب سی باتیں کرنے لگ گئے ہیں، کیا کیسز آپکے مطابق لگنے ہیں؟ چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے کہا کہ آپ نے تو سیدھا سیدھا عدلیہ پر حملہ کر دیا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بیرسٹر ظفر اللہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وہ شہریوں کی آزادی کے سخت حامی ہیں۔