PTI وفد کی فضل الرحمن سے ملاقات،27ستمبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت

12 ستمبر ، 2026

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)تحریک انصاف کے وفد نے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفدنے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر شامل تھے ، جے یو آئی سربراہ کو27ستمبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جب کہ اے پی سی بلانے پر بھی مشاورت کی گئی۔ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے جوائنٹ اپوزیشن پر بات ہوئی تھی ،سینیٹ و قومی اسمبلی میں جوائنٹ اپوزیشن پر اتفاق ہوا تھا، جوائنٹ اپوزیشن کے حوالے سے آج پہلی میٹنگ ہوئی، ہم نے فیصلہ کیا کہ قومی معاملات پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جا رہی ہے، جوائنٹ اپوزیشن پلیٹ فارم سے اسمبلی اجلاس سمیت قیدیوں کے معاملے پر متفقہ مشاورت ہوگی، آج پہلی ملاقات خوش آئند رہی اور مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارا لانگ مارچ انصاف کے حصول کے لیے ہے اور یہ مکمل طور پر پْرامن ہوگا۔اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ملاقات میں مختلف اہم امور زیر غور آئے جبکہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی مشاورت ہوئی ہے۔ نئے صوبوں کے معاملے سمیت دیگر سیاسی اور قومی معاملات بھی زیر بحث آئے۔قبل ازیں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیک ڈور چینلز پر ہمارا رابطہ رہتا ہے۔ محسن نقوی سے رابطے کی تفصیلات میڈیا پر نہیں بتا سکتا۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت سے ہمارا رابطہ رہتا ہے جس کو کبھی چھپایا نہیں گیا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے۔ بانی نے بات چیت کرنے کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے رکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ہمارے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔