سانحہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی 25 ویں برسی کا اجتماع، سانحہ کی مذمت

12 ستمبر ، 2026

نیویارک( عظیم ایم میاں) سانحہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی25 ویں برسی کے موقع پر ورلڈ ٹریڈ سینٹرپر ہونے والے اجتماع میں چار سابق امریکی صدور ڈیموکریٹ بل کلنٹن، باراک اوباما،جوزف بائیڈن اور ری پبلکن جارج بش شریکُ ہوئےجبکہ موجودہ ریپبلکن نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی شرکت کی۔ چار سابق امریکی صدور کے ساتھ ان کی بیگمات اور اپنے دور کیُ فرسٹ لیڈیز ہیلری کلنٹن، مشل اوباما، جل بائیڈن اور لارا بش بھی شریک تھیں البتہ صدر ٹرمپ واشنگٹن ہی میں موجود رہے اور پینٹاگون میں ہونے والی میموریل تقریب میں شریک ہوئے۔انتہائی سخت سیکورٹی کے انتظامات اور بعض پوانٹس پر عامُ شہریوں کا داخلہ ممنوع ہونے کے باوجود ہزاروں مختلف خیالات کے حامل افراد گروپوں کی شکل میں اپنے نظریات پر مبنی بینرز کے ساتھ پرچار کرتے پائے گئے۔ لیکن تمام افراد اور گروپ سانحہ ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے بارے رنج اور مذمت کرتے ہوئے اپنے اپنے نظریات کا پرچار کرتے رہے جس کے باعث متعدد گروپوں میں تلخی اور جوابی نعرے دیکھنے کو ملے پولیس اور سیکور ٹی کے سخت انتظامات کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ دیکھنے میں نہیں آیا۔ گوری نسل کے امریکیوں پر مشتمل ایک گروپ کھلےعام اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے صیہونی یہودیوں کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے سانحہ کا ذمہ دار بھیقرار دے رہا تھا۔