اسلام آ باد ( رانا غلام قادر )پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے مہنگائی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں،ایک ہفتے میں 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 10 اشیاء سستی اور 27 کی قیمتیں مستحکم رہیں،ملک میں ہفتہ وار مہنگائی صفر اعشاریہ دو تین فیصد بڑھ گئی،ایک ہفتے میں پیٹرول چھ اعشاریہ ایک آٹھ اور ڈیزل پانچ اعشاریہ دو نو فیصد مہنگا ہوا،وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔ وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 8 اعشاریہ 62فیصد ریکارڈ کی گئی ،ایک ہفتے میں 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 10 اشیاء سستی اور 27 کی قیمتیں مستحکم رہیں،رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں پیٹرول 6 اعشاریہ 18فیصد، ڈیزل 5 اعشاریہ 49فیصد اور ایل پی جی 4 اعشاریہ 42فیصد مہنگی ہوئی جبکہ دال ماش اور واشنگ صابن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا،پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں گزشتہ روزکا ہونےوالا اضافہ ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار میں شامل نہیں ہے،اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافےکا رحجان برقرار رہتا ہے تو آنے والے دنوں میں مہنگائی میں مزید اضافےکے خدشات موجود ہیں ،ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کیلے 7 اعشاریہ 73فیصد، ٹماٹر 5 اعشاریہ 24 فیصد،مرغی 4 اعشاریہ 22 فیصد،پیاز 3 اعشاریہ 72اور آلو ایک اعشاریہ 88فیصد سستے ہوئے۔