اسلام آباد (ماریانہ بابر) سفیر علی اسد جیلانی کو چین میں پاکستان کا نیا سفیر نامزد کیا گیا ہے، جب کہ ان کے پیش رو (سابق سفیر) خلیل ہاشمی اگلے ہفتے اسلام آباد میں ہیڈ کوارٹر جوائن کرنے کے لیے واپس آ رہے ہیں۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’سفیر خلیل ہاشمی نے پاکستان اور چین کی قریبی اور دیرینہ دوستی کو مزید آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے‘‘، جب کہ ماضی کے معمول کے برعکس دفتر خارجہ نے خود ان نئی تقرریوں کے حوالے سے کوئی ذکر نہیں کیا۔ سفیر علی اسد جیلانی اس وقت جنوری 2025 سے وزارتِ خارجہ میں ایڈیشنل سیکریٹری (افغانستان اور مغربی ایشیا) اور ستمبر 2025 سے ڈائریکٹر جنرل (فارن سروس اکیڈمی) کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اس سے پہلے وہ بیجنگ میں پاکستان کے مشن میں تھرڈ سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور بیجنگ کلچرل اینڈ لینگویج میں چینی زبان بھی سیکھ چکے ہیں۔ سفیر جیلانی کے پاس انقرہ کی مڈل ایسٹ ٹیکنیکل یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات (انٹرنیشنل ریلیشنز) میں پی ایچ ڈی کی ڈگری ہے۔ دریں اثنا، یمن میں سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان لڑائی میں شدت آنے کے بعد پاکستان نے سعودی عرب کے شہر ابہا، خمیس مشیط، جازان اور نجران میں شہری اور اقتصادی اہداف کے خلاف حوثیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی۔ پاکستان نے ان حملوں کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔