براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی جاری ، 5ارب ڈالر اپ گریڈ منصوبوں کی راہ ہموار

12 ستمبر ، 2026

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی جاری ، 5ارب ڈالر اپ گریڈ منصوبوں کی راہ ہموار، ریفائنریوں کو یکم اکتوبر تک اپ گریڈ معاہدے کرنا ہونگے، نہ کرنے پر ہائی اسپیڈ ڈیزل ڈیِمڈ ڈیوٹی مزید کم ہوگی۔15 نومبر تک معاہدہ نہ ہوا تو ڈیِمڈ ڈیوٹی مکمل ختم ، درآمدی خام تیل پر20دن کا ،مقامی پر15دن کا ذخیرہ رکھنا ہوگا۔ اپ گریڈیشن پر یورو فائیو معیار کا پٹرول اور ڈیزل تیار ہوگا، خام تیل صاف کرنے کی صلاحیت ساڑھے 5لاکھ بیرل یومیہ ہوجائیگی۔ ای سی سی کو معاہدے کا مسودہ منظوری کیلئے بھجوا دیا گیا،ہر ریفائنری کو ایک ارب کی ناقابل تنسیخ بینک گارنٹی دینا ہوگی۔آخرکار حکومت نے 42 صفحات پر مشتمل براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی 2023 کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس میں فروری 2024 اور اگست 2026 میں کی جانے والی ترامیم شامل ہیں۔ اس سے ملک میں تقریباً 5 ارب ڈالر کے ریفائنری اپ گریڈ منصوبوں کی راہ ہموار ہوگئی ہے، جن کا مقصد ملک میں ماحول دوست یورو فائیو معیار کا پٹرول اور ڈیزل تیار کرنا ہے۔ طویل عرصے سے زیر التوا نوٹیفکیشن 10 ستمبر 2026 کو جاری کیا گیا، جس کے بعد مقامی ریفائنریوں کو جرمانوں کے ساتھ 45 دن کے اندر اپ گریڈ معاہدوں پر دستخط اور ریفائنری اپ گریڈیشن اکاؤنٹس قائم کرنا ہوں گے۔تاہم اعلیٰ حکومتی حکام نے بتایا کہ ملک کی پانچوں ریفائنریوں سے توقع ہے کہ وہ یکم اکتوبر 2026 تک اپنے اپ گریڈ معاہدوں پر دستخط کردیں گی، جس کے لیے ایک اعلیٰ سطحی دستخطی تقریب متوقع ہے جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شرکت کریں گے۔وہ ریفائنریاں جنہوں نے 22 اکتوبر 2024 کی سابقہ مقررہ مدت تک اپ گریڈ معاہدوں پر دستخط نہیں کیے، پہلے ہی مالی جرمانے کا سامنا کر رہی ہیں کیونکہ ترمیم شدہ پالیسی کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈیِمڈ ڈیوٹی 7.5 فیصد سے 2.5 فیصد پوائنٹس کم کرکے 5 فیصد کردی گئی ہے۔ ڈیِمڈ ڈیوٹی میں کمی مؤثر طور پر ان ریفائنریوں پر مالی بوجھ بڑھا رہی ہے جو ابھی تک اپنے اپ گریڈ منصوبوں کے لیے رضامند نہیں ہوئی ہیں۔حکام کے مطابق اٹک ریفائنری لمیٹڈ کو اس وقت روزانہ تقریباً 75 لاکھ روپے کے مالی اثر کا سامنا ہے، جبکہ نیشنل ریفائنری لمیٹڈ کو کم کی گئی ڈیِمڈ ڈیوٹی کے باعث تقریباً ایک کروڑ روپے روزانہ کا مالی اثر برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔