صنعا/تہران (اے ایف پی /نیوزڈیسک) حوثی جنگجوؤںنے جمعہ کو یمن کے پورے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے پر قبضہ کر لیا اور تین اہم تزویراتی جزائرکو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیاجس کے بعد سعودی عرب نے یمن کے ساحلی شہر مخا کے ہوائی اڈے پردو فضائی حملے کئے ہیں جبکہ مخاکی بندرگاہ کو بھی 6میزائل حملوں کا نشانہ بنایاگیاہے۔سعودی عرب نے متعدد حملوں اورکچھ افرادکے زخمی ہونے کے بعد ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کو بندکرکے سپلائی معطل کردی ہے ۔ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیرمحمد مخبر نے حوثیوں کو مبارکباد دی ہے‘امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے جمعرات کوصدر ٹرمپ کو دو ٹیلی فون کالزکیں اور انہیں حوثیوں کے خلاف حملے کرنے کی درخواست کی تاہم ٹرمپ نے درخواست مستردکرتے ہوئے مددسے انکار کردیا۔ دوذرائع نے بتایا کہ واشنگٹن نے ریاض کو آگاہ کیا کہ وہ فی الحال براہِ راست فوجی کارروائی کرنے کے لیے تیار نہیں تاہم انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے اور اہداف کے تعین میں مدد فراہم کرے گا‘ادھر تہران کا کہنا ہے کہ پیر کو عمان میں خلیجی ممالک کے ساتھ آبنائے ہرمز پر بات چیت ہوگی‘ صدر پزشکیان نے کہاہے کہ ایران پر امریکی دباؤ انتہائی نازک اور خطرناک مرحلے تک پہنچ گیا ہے تاہم دھونس اوردھمکیوں سے کام بنے گانہ دباؤ ڈالنے سے ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبورکیا جا سکتا ہے۔علاوہ ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا ٹیلی فونک رابطہ ہواہے جس میں خطے کی موجودہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیاگیا‘ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق عباس عراقچی نے چیف آف آرمی اسٹاف وچیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سفارتی کوششیں بحال اور کشیدگی میں کمی کیلئے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ صدرٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو ایران تنازع سے جوڑتے ہوئے کہاہےکہ امریکا نائن الیون حملوں کو کبھی نہیں بھولے گا‘ پچیس سال بعد بھی ایران کے خلاف لڑائی کے ذریعے امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہےجبکہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائے گا۔حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ وہ بین الاقوامی بحری جہازوں کو آبنائے باب المندب سے گزرنے کی اجازت دیں گے تاہم سعودی جہاز رانی کو روک دیا جائے گا۔