نیب کے 179 میگا کرپشن کیسز، اب تک صرف 2 سزائیں

12 ستمبر ، 2026
انصار عباسی
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے بڑے پیمانے پر تشہیر کردہ 179 میگا کرپشن کیسز میں اب تک صرف 2 سزائیں سنائی جا سکی ہیں، جبکہ 21 ریفرنسز میں ٹرائل جاری ہے۔ یہ تازہ ترین اعداد و شمار نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سید احتشام قادر نے خصوصی طور پر دی نیوز کے ساتھ شیئر کیے ہیں۔ مقدمات کی تازہ ترین صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس وقت نیب کے ریکارڈ میں 86 ریفرنسز درج ہیں جن میں سے 41 نیب کے قانون میں تبدیلیوں کے باعث منتقل یا واپس کیے جا چکے ہیں، 21 میں ٹرائل جاری ہے، 6 مقدمات بریت پر ختم ہو چکے ہیں، 3 واپس لیے جا چکے ہیں، ایک نمٹا دیا گیا، ایک زیرِ تفتیش ہے، 4 غیر فعال ہیں، 2 ختم ہو چکے ہیں جبکہ 5 اپیل کے مرحلے میں ہیں۔ اب تک صرف 2 مقدمات میں سزائیں سنائی گئی ہیں۔ سید احتشام قادر نے مقدمات کے نمٹائے جانے میں تاخیر کی ایک وجہ نیب سے متعلق قانونی ڈھانچے میں ہونے والی تبدیلیوں کو قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاخیر نئی قانون سازی کی وجہ سے ہوئی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اسے مکمل طور پر فعال ہونے میں تقریباً 3 سال لگے۔ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل گزشتہ 5 سے 6 سال کے دوران احتساب کے قانون میں ہونے والی مسلسل قانون سازی کی تبدیلیوں کے اثرات کا حوالہ دے رہے تھے، جنہوں نے مقدمات کی کارروائی کو متاثر کیا اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مکمل طور پر نافذ العمل ہونے میں خاصا وقت لیا۔ 179 کیسز اس وقت سے عوامی اور سیاسی دلچسپی کا نمایاں موضوع رہے ہیں جب نیب نے 2015 میں سپریم کورٹ کے سامنے ان کی تفصیلات پیش کی تھیں۔ تازہ ترین اعداد و شمار ان مقدمات کی ایک دہائی سے زائد عرصے بعد موجودہ صورتحال پیش کرتے ہیں، جنہیں ابتدا میں میگا کرپشن کیسز قرار دیا گیا تھا۔