PTIوفد کی فضل الرحمٰن سے ملاقات،27 ستمبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت

12 ستمبر ، 2026

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں)تحریک انصاف کے وفد نے سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی جس میں سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفدنے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر شامل تھے ، جے یو آئی سربراہ کو27ستمبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی جب کہ اے پی سی بلانے پر بھی مشاورت کی گئی۔ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے جوائنٹ اپوزیشن پر بات ہوئی تھی ، آج پہلی میٹنگ ہوئی، ہم نے فیصلہ کیا کہ قومی معاملات پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ملاقات میں مختلف اہم امور زیر غور آئے جبکہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر بھی مشاورت ہوئی ہے۔قبل ازیں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیک ڈور چینلز پر ہمارا رابطہ رہتا ہے۔ محسن نقوی سے رابطے کی تفصیلات میڈیا پر نہیں بتا سکتا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ مذاکرات کو ترجیح دی ہے۔ بانی نے بات چیت کرنے کا اختیار محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دے رکھا ہے۔ فی الحال ہمارے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہو رہے۔